ضلع باغ میں چترہ ٹوپی روڈ پر واقع پولیس چوکی کوپرہ پر مسلح عناصر کے حملے کے نتیجے میں ایف سی کا ایک اہلکار شہید ہو گیا، جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور مارا گیا۔
ترجمان ڈی آئی جی پولیس ریجن پونچھ کے مطابق، حملہ صبح تقریباً 6:35 بجے کے قریب پولیس چوکی کوپرہ پر تین اطراف سے کیا گیا، جہاں مسلح حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے اس واقعے میں کرک سے تعلق رکھنے والے ایف سی سپاہی رحیم گل گولیوں کا نشانہ بن کر شہید ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد: 27ستمبر کو لانگ مارچ کی کال،پی ٹی آئی اور کالعدم ایکشن کمیٹی کا گٹھ جوڑ بے نقاب
جوابی کارروائی اور اسلحہ کی برآمدگی:
پولیس کی جانب سے کی جانے والی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک حملہ آور موقع پر ہی مارا گیا، جس کے قبضے سے 2 ہینڈ گرنیڈ، 1 کلاشنکوف، 3 میگزین معہ ایمونیشن اور 1 خنجر برآمد ہوا ہے۔ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

حملے کے بعد دیگر حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پولیس نے واضح کیا ہے کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے اور امن عامہ و شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بغیر کسی امتیاز کے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




