پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سید نوید قمر نے وفاقی حکومت کے رویے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم حکومت کے مکمل اتحادی تو نہیں لیکن انہیں سپورٹ کرتے رہے ہیں، لیکن اب کچھ شدید شکایات اور تحفظات حکومت سے ہیں اور وہ حل ہونے تک ان کا ساتھ نہیں دیا جائے گا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ تالی ایک ہاتھ سے نہیں بلکہ دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ایک سیاسی جماعت کو تحفظات ہوں اور جب تک وہ دور نہ ہوں تو مسئلہ قائم رہتا ہے۔ ہم نے حکومت کو اپنی تمام شکایات پہنچا دی ہیں اور اگر حکومت سمجھتی ہے کہ ہم انہیں سپورٹ کریں تو ان شکایات کا ازالہ بھی لازمی ہونا چاہیے۔
آزاد کشمیر الیکشن اور ججز تعیناتی کا معاملہ:
سید نوید قمر نے تحفظات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہماری شکایات میں آزاد کشمیر کے الیکشن، ججز کی تعیناتی اور دیگر کئی اہم سیاسی و انتظامی ایشوز شامل ہیں۔ ان امور پر پارٹی کے اندر شدید تحفظات پائے جاتے ہیں جن کے حوالے سے وفاقی حکومت کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: 8 رکنی نئی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، تقریب ایوانِ صدر مظفرآباد میں منعقد ہوئی
حکومت کی جانب سے عدم پیش رفت کا گلہ:
پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نے مزید بتایا کہ حکومت نے اس حد تک ضرور کہا تھا کہ ہم آپ کی ان شکایت کو دیکھیں گے، لیکن تاحال حکومت کی طرف سے ان پر کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کا یہ حتمی فیصلہ ہے کہ جب تک ان تمام شکایات پر سنجیدہ اور مثبت پیش رفت نہیں ہوتی، اس وقت تک وفاقی حکومت کا ساتھ نہیں دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ایزی پیسہ صارفین کے لیے فوری قرضے کی سہولت، ایپ کے ذریعے آسان رسائی




