پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی وکٹ کیپر بیٹر منیبہ علی نے روایتی حریف بھارت کیخلاف ویمنز ایشیا کپ 2026 کے کل 5ستمبر2026ء کے اہم مقابلے سے قبل قومی ٹیم کے عزم اور مضبوط ذہنی صلاحیت کو کامیابی کی کنجی قرار دے دیا۔
تھائی لینڈ کے خلاف پاکستان کی 35 رنز سے کامیابی میں شاندار نصف سنچری اسکور کرنے والی منیبہ علی کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم اب مشکل حالات اور شدید دباؤ میں گھبرا کر بکھرنے والی ٹیم نہیں رہی بلکہ کھلاڑیوں میں چیلنجنگ صورتحال کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا اعتماد پیدا ہو چکا ہے۔
منیبہ علی نے کہا کہ ماضی میں اگر ٹیم کی ابتدائی وکٹیں جلد گر جاتی تھیں تو کھلاڑیوں کیلئے میچ میں واپس آنا مشکل ہو جاتا تھا، تاہم اب صورتحال تبدیل ہو چکی ہے۔
تھائی لینڈ کے خلاف بھی پاکستان نے ابتدائی مشکلات کا سامنا کیا لیکن ٹیم نے اپنا حوصلہ برقرار رکھا اور یقین کے ساتھ کھیل جاری رکھا کہ پچ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایک قابلِ دفاع مجموعہ ترتیب دیا جا سکتا ہے۔
پاکستان نے تھائی لینڈ کے خلاف اننگز کا آغاز انتہائی مشکلات سے کیا اور پاور پلے کے دوران صرف 23 رنز کے مجموعے پر تین اہم وکٹیں گنوا دی تھیں۔
ایسے وقت میں منیبہ علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 گیندوں پر 54 رنز بنائے اور ٹیم کی اننگز کو سنبھالا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کوہ پیما ماؤنٹ ایورسٹ کے گلیشئرز کو پگھلانے کا سبب؟حیران کن انتباہ جاری
ان کی عمدہ اننگز کی بدولت پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنائے۔
جواب میں پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تھائی لینڈ کی ٹیم کو 84 رنز تک محدود رکھتے ہوئے پاکستان کو 35 رنز سے فتح دلا دی۔
پاکستان کی جانب سے اسپن بولنگ میں نشرہ سندھو نے بھی متاثر کن کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں محض 6 رنز دیے اور تھائی بیٹرز کو کھل کر رنز بنانے کا موقع نہیں دیا۔
نشرہ سندھو کا کہنا تھا کہ انہوں نے میچ کے دوران پچ کے رویے کو سمجھنے کے بعد اپنی بولنگ کی لائن اور لینتھ پر خصوصی توجہ دی، جس کا انہیں فائدہ حاصل ہوا۔
دوسری جانب طوبیٰ حسن نے بھی اپنی بولنگ حکمت عملی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش تھی کہ وکٹ ٹو وکٹ بولنگ کی جائے اور گیند کی رفتار میں مناسب تبدیلی لائی جائے۔
ان کے مطابق یہ حکمت عملی اپنانے کا مقصد نہ صرف موجودہ میچ میں ٹیم کو فائدہ پہنچانا تھا بلکہ آنے والے اہم مقابلوں کے لیے بھی خود کو بہترین انداز میں تیار کرنا تھا۔
اب پاکستان ویمنز ٹیم کا اگلا امتحان روایتی حریف بھارت کے خلاف ہوگا۔ دونوں ٹیمیں 5 ستمبر، ہفتے کے روز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔
میچ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا، جبکہ پاکستان میں شائقین یہ مقابلہ شام 7 بج کر 30 منٹ پر دیکھ سکیں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ویمنز کرکٹ میں نئی تاریخ رقم، بھارتی کرکٹر نے 2ریکارڈ توڑ دیئے
ویمنز ایشیا کپ 2026 کے گروپ اے میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ آٹھ ٹیموں پر مشتمل یہ ایشیا کپ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں جاری رہے گا۔
بھارتی ویمنز ٹیم ایشیا کپ کی تاریخ میں 7 مرتبہ چیمپیئن بن چکی ہے اور ٹورنامنٹ کی کامیاب ترین ٹیموں میں شمار ہوتی ہے۔
منیبہ علی کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی بھارت کے ماضی کے شاندار ریکارڈ سے مرعوب نہیں ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی توجہ صرف اپنی کارکردگی پر مرکوز ہے اور کھلاڑی میدان میں بھرپور اعتماد کے ساتھ اتریں گی۔
منیبہ علی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان بھارت کیخلاف بڑے مقابلے میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی کیلئے بھرپور کوشش کرے گا۔




