سید علی شاہ گیلانی کی پانچویں برسی! کشمیر ہاؤس میں باوقار تقریب، وزیراعظم آزاد کشمیر کا اہم خطاب

Pakistan SCO Summit 2026

تحریکِ آزادیِ کشمیر کے عظیم اور ثابت قدم رہنما سید علی شاہ گیلانی کی پانچویں برسی کے موقع پر کشمیر ہاؤس میں ایک خصوصی اور وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس باوقار تقریب کا اہتمام کل جماعتی حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیرِ اہتمام مشترکہ طور پر کیا گیا تھا، جس میں نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی سمیت اہم سیاسی و حریت قیادت، سابق وزراء اور اعلیٰ رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی تحریکِ آزادیِ کشمیر کے عظیم، نڈر اور ثابت قدم رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی تحریکِ آزادی کے لیے وقف کیے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی مسلسل جدوجہد، استقامت اور بے مثال قربانیاں پوری کشمیری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ بیرسٹر افتخار گیلانی نے زور دیا کہ کشمیری عوام نے بھارتی ظلم و بربریت کا سامنا کرنے کے باوجود آزادی کی جدوجہد جاری رکھی ہے اور سید علی گیلانی نے مشکل ترین حالات میں بھی اپنے نظریے اور مؤقف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” کا نعرہ اور نظریہ آج بھی کشمیریوں کے دلوں میں زندہ ہے، جس نے کشمیری نوجوان نسل کو آزادی کے نظریے سے مضبوطی سے جوڑے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سید علی گیلانی کی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے تحریکِ آزادی کو مزید منظم کرنا ہوگا کیونکہ کشمیری عوام نے اپنی آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز سے بیرسٹر افتخار گیلانی کی اہم ملاقات، اصلاحاتی ایجنڈے پرعملدرآمد کا عزم

دفترِ خارجہ اور سفارتی قیادت کے خطاب:

ڈی جی ساؤتھ ایشیا، دفترِ خارجہ سجاد حیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سید علی شاہ گیلانی کشمیری عوام کے ثابت قدم رہنما تھے اور ان کی زندگی مزاحمت، قربانی اور حقِ خودارادیت کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ طویل نظربندی اور مسلسل دباؤ بھی ان کے عزم کو متزلزل نہ کر سکا، اور بھارت انہیں جسمانی طور پر محدود تو کر سکا مگر ان کے افکار اور عزم کو قید نہ کر سکا۔ سجاد حیدر نے واضح کیا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اقدامات، داخلی قوانین یا آئینی ترمیمات مسئلہ کشمیر کی متنازع حیثیت اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کو ختم نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں من مانی گرفتاریوں، سیاسی پابندیوں اور شناخت تبدیل کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر محض علاقائی تنازع نہیں بلکہ لاکھوں کشمیریوں کے سیاسی مستقبل کا مسئلہ ہے اور حقِ خودارادیت کوئی رعایت نہیں بلکہ تسلیم شدہ حق ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں جبکہ پاکستان اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

سیاسی و نظریاتی رہنماؤں کے اظہارات:

سابق امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی ایک فکر اور نظریے کی علامت تھے جنہوں نے کشمیر کو ایمانی اور دینی مسئلہ سمجھ کر جدوجہد کی اور ایسی نئی نسل تیار کی جو آج بھی تحریک کی قیادت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” کا نعرہ آج بھی بچوں کی زبان پر ہے، تاہم 5 اگست کے بعد پاکستان کو زیادہ فیصلہ کن کردار ادا کرنا چاہیے تھا کیونکہ ایک مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں استحکام اور پاکستان میں قومی وحدت کو ناگزیر قرار دیا۔ سابق سفیر عبدالباسط نے اپنے خطاب میں کہا کہ سید علی گیلانی پاکستان سے غیر متزلزل وابستگی رکھتے تھے اور ان کا ماننا تھا کہ مضبوط پاکستان کے بغیر مسئلہ کشمیر کا حل ممکن نہیں۔ عبدالباسط نے تاکید کی کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات اور سفارت کاری میں لچک تو ہو سکتی ہے مگر کشمیر کے اصولی مؤقف پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔

سابق صدر اور دیگر رہنماؤں کا خراجِ عقیدت:

سابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سید علی گیلانی کی فکر اور جدوجہد آج بھی تحریکِ آزادی کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ 2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں میں شدید اضافہ ہوا ہے، جس پر عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ کے خصوصی نمائندوں کی رپورٹس تشویش ظاہر کر چکی ہیں۔ علاوہ ازیں، عبدالرشید ترابی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی کا سب سے بڑا وصف نئی نسل کی قیادت سازی تھا، جنہوں نے جماعتِ اسلامی، اسمبلی کے پلیٹ فارم اور سیاسی جدوجہد کے ذریعے کشمیر کا مقدمہ مؤثر انداز میں پیش کیا۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ سید علی گیلانی نے ہمیشہ امید اور استقامت کی بات کی اور فلسطین سمیت امتِ مسلمہ کے مسائل پر آواز بلند کی۔ انہوں نے زور دیا کہ آزاد کشمیر کے موجودہ حالات ہماری قیادت کے لیے لمحہ فکریہ ہیں اور سید علی گیلانی کو حقیقی خراجِ عقیدت یہی ہے کہ کشمیری قیادت اور پاکستان متحد ہو کر تحریکِ آزادی کو حکمتِ عملی کے ساتھ آگے بڑھائیں۔

Pakistan SCO Summit 2026