فیڈرل پبلک سروس کمیشن ( ایف پی ایس سی)نے سی ایس ایس2026 کے تحریری امتحان کا نتیجہ جاری کردیا، جس کے مطابق امتحان میں کامیابی کا تناسب صرف 2.74 فیصد رہا۔
فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے مطابق سی ایس ایس2026 کے تحریری امتحان میں مجموعی طور پر 17 ہزار 351 امیدواروں نے شرکت کی، تاہم ان میں سے صرف 476 امیدوار تحریری مرحلہ کامیاب کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں: سی ایس ایس امتحان میں کامیابی سمیٹنے والی آزادکشمیر کی 4 بیٹیاں، تعلق کہاں سے ہے؟
نتائج کے مطابق کامیاب ہونے والے امیدواروں میں 239 مرد اور 237 خواتین شامل ہیں۔ یوں کامیاب مرد اور خواتین امیدواروں کی تعداد میں صرف 2 امیدواروں کا فرق رہا۔
یہ اعداد و شمار سی ایس ایس امتحان میں خواتین کی نمایاں شرکت اور کامیابی کو بھی ظاہر کرتے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر کامیابی کی شرح انتہائی کم رہی۔
تحریری امتحان میں کامیاب امیدوار اب سی ایس ایس کے اگلے مراحل میں شرکت کریں گے۔ میڈیکل، سائیکولوجیکل ٹیسٹ اور وائیوا کے شیڈول کا اعلان فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی جانب سے جلد کیا جائے گا۔
ان مراحل کی تکمیل کے بعد کامیاب امیدواروں کا حتمی انتخاب میرٹ اور مقررہ طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا۔
سی ایس ایس پاکستان کے انتہائی مسابقتی امتحانات میں شمار ہوتا ہے۔ رواں سال بھی 17 ہزار سے زائد امیدواروں میں سے صرف 476 کا تحریری مرحلہ عبور کرنا امتحان کی سخت مسابقت کو نمایاں کرتا ہے۔
اب نظریں ان امیدواروں پر ہیں جو میڈیکل، سائیکولوجیکل ٹیسٹ اور وائیوا کے مراحل کامیابی سے مکمل کرکے پاکستان کی سول سروس کا حصہ بننے کی دوڑ میں شامل ہوں گے۔
کوٹلی آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ(ن) کے رہنما، ممبر کشمیر کونسل محمد حنیف ملک کی صاحبزادی ثمین الٰہی نے بھی تحریری امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔
آزادکشمیر کا مزید بھی کوئی امیدوار تحریری امتحان پاس کرسکا ہے یا نہیں ابھی تک تفصیلات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سی ایس ایس امتحان 2025کے نتائج کا اعلان، 170کی تقرری کی سفارش
2025 کے امتحانات میں کامیابی سمیٹنے کے بعد آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والی4طالبات نے مختلف گروپس جوائن کئے تھے۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی بیٹی ڈاکٹر ودیعت بخاری نے بھی سی ایس ایس کاتحریری امتحان پاس کر لیا ہے۔
وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے تمام خیر خواہوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بیٹی کی اس کامیابی کو اس کی مسلسل محنت، عزم اور لگن کا نتیجہ قرار دیا ہے۔




