پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عباس نے انگلینڈ کیخلاف لارڈز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کرکے ساتویں پاکستانی بولر بن گئے۔
32ویں ٹیسٹ میں آٹھویں پانچ وکٹوں کی کارکردگی
سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ محمد عباس کے ٹیسٹ کیریئر کا یہ 32واں میچ ہے۔ وہ 57 ٹیسٹ اننگز میں آٹھویں مرتبہ پانچ یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، جو ان کی مستقل مزاج بولنگ کا ثبوت ہے۔
2017 میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا
محمد عباس نے اپریل 2017 میں کنگسٹن، جمیکا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ اب تک وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 22.25 کی اوسط سے 1121.3 اوورز کروا کر مجموعی طور پر 128 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
لارڈز میں پہلی بار پانچ وکٹیں
لارڈز کرکٹ گراؤنڈ محمد عباس کے لیے بھی یادگار بن گیا، جہاں انہوں نے پہلی مرتبہ اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ اس کارکردگی کے ساتھ وہ لارڈز کے تاریخی میدان پر پاکستان کی جانب سے اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے ساتویں بولر بھی بن گئے ہیں۔
خان محمد نے 1954 میں بنیاد رکھی
لارڈز میں پاکستان کی جانب سے پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز سب سے پہلے جون 1954 میں خان محمد مرحوم نے حاصل کیا تھا۔ انہوں نے 61 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں اور اس تاریخی فہرست میں اپنا نام درج کرایا تھا۔
پاکستان کے دیگر بولرز بھی فہرست میں شامل
لارڈز میں پاکستان کیلئے5 یا اس سے زائد وکٹیں لینے والے دیگر بولرز میں مدثر نذر، وقار یونس، مشتاق احمد، محمد عامر اور یاسر شاہ شامل ہیں۔ مدثر نذر نے 1982 میں 32 رنز دیکر 6 وکٹیں، وقار یونس نے 1992 میں 91 رنز کے عوض 5 وکٹیں جبکہ مشتاق احمد نے 1996 میں 57 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی، محمد یوسف کی کوچز پر کڑی تنقید ، کھیل کیلئے ’’زہر‘‘ قرار دیدیا
محمد عامر نے 2010 میں 84 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ یاسر شاہ نے 2016 میں 72 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ اب محمد عباس بھی لارڈز میں پاکستان کیلئے یادگار پانچ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔




