حکومت کی نجی حج آپریٹرز کیلئے ڈیڈ لائن جاری، پیکجز فعال نہ کرنے پر کوٹہ ضبط کرنے کا انتباہ

اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے نجی حج آپریٹرز کو اپنے مختص کردہ کوٹے کے تحت تمام حج پیکجز فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 31 اگست کی آخری تاریخ مقرر کر دی ہے۔ وزارت کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر ان ہدایات پر عمل نہ ہونے کی صورت میں غیر فعال کوٹہ ضبط کر کے دیگر کمپنیوں کو دینے کا امکان موجود ہے۔

وزارت مذہبی امور نے حج منظم کمپنیوں کو اس حوالے سے باقاعدہ خط جاری کر دیا ہے، جس میں تمام مختص کوٹے کے مطابق حج پیکیجز کی مختلف کیٹیگریز فعال کرنے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔ اس اقدامات کا مقصد عازمینِ حج کے لیے پیکجز کے انتخاب اور رجسٹریشن کے عمل کو وقت پر ممکن بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حج 2027،سرکاری سکیم کا کوٹہ 7دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل

نجی حج سکیم کے تحت کوٹے اور بکنگ کی صورتحال:

ذرائع کے مطابق نجی حج اسکیم کے تحت 71 ہزار 684 نشستیں مختص ہیں، تاہم گزشتہ پانچ روز میں صرف 54 عازمین کی بکنگ ہو سکی ہے۔ اس صورتحال کے باعث بینکنگ کا تناسب صرف 0.1 فیصد رہا ہے، جو کہ انتظامی لحاظ سے ایک انتہائی سست رفتار پیش رفت شمار کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی حج کا 99.9 فیصد کوٹہ تاحال باقی ہے اور اس میں کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی ہے۔ دوسری جانب وقت محدود ہونے کے باعث وزارت مذہبی امور نے تمام متعلقہ حج کمپنیوں کو اپنے پیکجز فعال کرنے کے لیے ہنگامی اور فوری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

حج کمپنیوں کے خلاف کارروائی اور آن لائن انتظام:

وزارت کے مطابق حج پیکیجز تین روز کے اندر فعال نہ کرنے والی نجی کمپنیوں کے خلاف ضوابط کے تحت سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کا غیر فعال کوٹہ ضبط کر کے دیگر فعال حج کمپنیوں کو منتقل کرنے کا امکان بھی پوری طرح موجود ہے۔

حکومت کی جانب سے متعارف کروائی گئی نئی پالیسی کے تحت عازمینِ حج کی سہولت کے لیے بڑا اقدام اٹھایا گیا ہے۔ اس نئی پالیسی کے تحت عازمین پہلی مرتبہ براہ راست وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ کے ذریعے نجی حج پیکیجز کا انتخاب آسانی کے ساتھ کر سکیں گے۔

مزید پڑھیں: حج 2027: سعودی حکومت کا عازمین پر نئی پابندی نافذ کرنے کا اعلان