انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 110 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی ہے اور دوسرے روز کے اختتام پر انگلینڈ نے3وکٹوں پر قومی ٹیم پر 261 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔
لارڈز میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بارش کے باعث پہلے روز کھیل تاخیر سے شروع ہوا اور صرف 56 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا اور پہلے دن کے اختتام پر انگلینڈ 9 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنا چکا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:لارڈز ٹیسٹ کا پہلادن بارش سے متاثر، انگلینڈ کی 9وکٹیں گر گئیں
دوسرے روز انگلینڈ نے 248 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی اور آخری وکٹ کے لیے مزید 42 رنز جوڑے۔
انگلینڈ کی آخری گرنے والی وکٹ گس آٹکنسن کی تھی، جو 45 رنز بنا کر علی عثمان کی گیند پر محمد علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ جوش ٹنگ 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس کے ساتھ ہی انگلینڈ کی پوری ٹیم 66.4 اوورز میں 290 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمی اسمتھ 61 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، انہوں نے 80 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 10 چوکے لگائے اور جارڈن کاکس نے 55 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
اسی طرح دیگر بلے بازوں میں بین ڈکٹ نے 17، ایمیلیو گے نے 8، کپتان جو روٹ نے 4، ہیری بروک نے 15، ڈین لارنس نے 17 اور جوفرا آرچر نے 14 رنز بنائے جب کہ اولی رابنسن بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کے مجموعے میں اضافی رنز کی تعداد 24 رہی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس سب سے کامیاب گیند باز رہے۔ انہوں نے 20 اوورز میں 73 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور محمد علی نے 22 اوورز میں 86 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ خرم شہزاد اور علی عثمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلے روز محمد عباس نے انگلینڈ کے ٹاپ آرڈر کو مشکلات سے دوچار کیا تھا۔ انہوں نے بین ڈکٹ، ایمیلیو گے، جو روٹ اور جفرا آرچر کو آؤٹ کیا جب کہ محمد علی نے ہیری بروک، جیمی اسمتھ اور اولی رابنسن کی وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کے گیند بازوں نے ابتدائی مرحلے میں انگلینڈ کو شدید دباؤ میں رکھا۔ ایک موقع پر انگلینڈ 120 رنز پر 5 وکٹیں گنوا چکا تھا تاہم جارڈن کاکس اور جیمی اسمتھ نے چھٹی وکٹ کے لیے اہم شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو مشکل صورت حال سے نکالا اور دونوں نے 67 رنز کی شراکت قائم کی۔
انگلینڈ کی پہلی اننگز 290 رنز پر مکمل ہونے کے بعد پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کردیا ہے، شان مسعود اور اذان اویس نے اننگز شروع کی جب کہ امام الحق کو پنڈلی میں کھنچاؤ کی تکلیف کے باعث ابتدائی طور پر میدان سے باہر بھیجا گیا ہے، جس کے بعد شان مسعود کو اذان اویس کے ساتھ اوپننگ کے لیے بھیجا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ویمنز ایشیا کپ،بھارت سے ٹاکرا، پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا کا اہم بیان سامنے آگیا
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا مایوس کن آغاز کیا اور 5 رنز پر ہی پہلا نقصان اٹھانا پڑا، شان مسعود ایک رن بناکر جوفرا آرچر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ 16 کے اسکور پر قومی ٹیم کی دوسری وکٹ گرگئی، عبداللہ شفیق صرف 5 رنز بنانے کے بعد جوش ٹنگ کا شکار بن گئے۔
اس کے بعد پاکستان کے کپتان بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 30 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی محض 8 رنز بنانے کے بعد جوش ٹنگ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
ایک طرف سے وکٹیں گرتی رہیں تو دوسری طرف آذان اویس ڈٹے رہے اور بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد آذان کا ساتھ دینے آئے سعود شکیل نے کچھ دلکش شاٹس کھیلے اور پاکستان کا اسکور 63 تک پہنچایا تو پاکستان کو چوتھا نقصان سعود شکیل کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 4 چوکوں کی مدد سے 16 رنز بناکر اولی رابنسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
پاکستان کا اسکور 28 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز تک پہنچا تو اچانک بارش شروع ہونے کے باعث کھیل روک دیا گیا، بارش اتنی تیز تھی کہ گراؤنڈ اسٹاف نے فوری طور پر کورز بچھا دیے اور رن اپس کو بھی ڈھانپ دیا گیا۔
بارش سے قبل پاکستان کے نوجوان بلے باز آذان اویس کے ڈی آر ایس ریویو کے ذریعے آؤٹ ہونے سے بچنے کے بعد پاکستانی بیٹرز کو کچھ وقت دوبارہ سنبھلنے اور اپنی پیش رفت کا جائزہ لینے کا موقع بھی ملا۔
موسم صاف ہونے کے بعد کھیل کا دوبارہ آغاز ہوا تو پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر لڑکھڑا گئی اور یکے بعد دیگرے 4 وکٹیں گرگئیں۔ 91 کے اسکور پر محمد رضوان صرف 7 رنز بناکر اولی روبنسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
اس کے بعد 104 کے اسکور پر علی عثمان اور 105 کے اسکور پر خرم شہزاد بھی ایک، ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جب کہ 106 کے اسکور پر آذان اویس بھی ہمت ہار گئے اور 7 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کا اسکور 110 تک پہنچا تو محمد عباس صرف 2 رنز بناکر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے جب کہ امام الحق انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے نہیں آئے۔
اس طرح انگلینڈ کے پہلی اننگز میں 290 رنز کے جواب میں پاکستان ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 110 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی جب کہ پاکستان کے 8 بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے جب کہ صرف 2 بیٹرز ہی ڈبل فگر میں داخل ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان انڈر 19اسکواڈ کا دورہ انگلینڈ کے لیے باضابطہ اعلان
دوسرے روز کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر 81 رنز بنا لیے۔ میزبان ٹیم کی مجموعی برتری 261 رنز تک پہنچ گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے اس وقت ایمیلیو گے 30 اور ہیری بروک 7 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ جبکہ کپتان جو روٹ 24، جورڈن کوکس 11 اور بین ڈکٹ 1 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔




