عاصم منیر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ہارورڈ بزنس سکول کے طلبہ کے وفدکی ملاقات

راولپنڈی (کشمیر ڈیجیٹل) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں دنیا تیزی سے تبدیل ہورہی ہے اور عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال میں اضافہ ہورہا ہے، ایسے حالات میں نوجوانوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ معلومات کا تجزیہ حقائق کی بنیاد پر کریں اور سوشل میڈیا یا پروپیگنڈے سے متاثر ہونے کے بجائے درست معلومات کو ترجیح دیں۔

ہارورڈ بزنس سکول کے طلبہ سے ملاقات

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے دورے پر موجود ہارورڈ بزنس سکول کے طلبہ کے ایک وفد سے ملاقات کی۔ وفد میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ شامل تھے۔

ملاقات کے دوران عالمی اور علاقائی صورتحال سمیت پاکستان کی سکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

تعلیم اور ہنرمندی کی اہمیت پر زور

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نوجوانوں کی بہتر مستقبل کیلئے تعلیم اور عملی مہارتوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ ہنرمندی، کاروباری سوچ اور قائدانہ صلاحیتوں پر بھی توجہ دینی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل کو ایسے چیلنجز کا سامنا ہے جن میں تیزی سے بدلتا عالمی ماحول، غیر یقینی صورتحال اور معلومات کی بھرمار شامل ہے، اس لیے ان کی فکری اور عملی صلاحیتوں میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سوشل میڈیا اور پروپیگنڈے کے اثرات

فیلڈ مارشل نے سوشل میڈیا اور پروپیگنڈے کے بڑھتے ہوئے اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی معلومات کو بلا تحقیق قبول نہ کریں۔ ان کے مطابق حقائق پر مبنی سوچ اور تجزیاتی صلاحیت نوجوانوں کو پیچیدہ عالمی حالات کو بہتر طور پر سمجھنے اور معاشرے میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بناتی ہے۔

انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ نوجوان تعلیم اور ہنر کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک اور عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کرسکتے ہیں۔

ہارورڈ طلبہ کا پاکستان کے بارے میں مثبت تاثر

ملاقات کے دوران ہارورڈ بزنس سکول کے طلبہ نے پاکستان میں اپنے دورے کے تجربات بھی شیئر کیے۔ طلبہ نے پاکستانی عوام کی مہمان نوازی، گرمجوشی اور کشادہ دلی کو سراہتے ہوئے اپنے مثبت تاثرات کا اظہار کیا۔

ہارورڈ کے طلبہ نے پاکستان میں موجود مختلف شعبوں میں ترقی کے امکانات اور ملک کی وسیع صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا۔

امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے کوششیں

ملاقات میں پاکستان کی سکیورٹی صورتحال کیساتھ ساتھ خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کیلئے جاری کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نوجوان نسل کو مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار کا حامل قرار دیتے ہوئے تعلیم، مہارت، کاروباری صلاحیت اور حقیقت پسندانہ سوچ کو کامیابی کی بنیاد قرار دیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستانی شہریوں کیلئے متحدہ عرب امارات کا ورک ویزا، پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار

ملاقات میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی شرکت نے عالمی سطح پر نوجوان نسل کے درمیان باہمی روابط اور مختلف معاشروں کو سمجھنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔