وزیراعظم شہباز شریف کا100 زرعی گریجویٹس کو اٹلی بھیجنے کا اعلان

اسلام آباد میں پاکستان نیشنل اولیو ویلیو چین پالیسی کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے 100 نوجوان زرعی گریجویٹس کو جدید تربیت کے لیے اٹلی بھیجنے کا اہم اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ نوجوان زیتون کی کاشت، جدید پروسیسنگ، مارکیٹنگ اور ویلیو چین کے شعبوں میں اٹلی میں اعلیٰ تربیت حاصل کریں گے۔

تقریب کے دوران وزیراعظم نے زیتون کے کسانوں، محققین اور برآمد کنندگان کی محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے زیتون کے شعبے میں ایک شاندار مثال قائم ہوئی ہے۔ انہوں نے زیتون کے فروغ میں کسانوں کی معاونت پر صوبائی حکومتوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور بتایا کہ اس وقت ملک بھر میں 60 ہزار ایکڑ رقبے پر زیتون کی کاشت کی جا رہی ہے۔

خوردنی تیل کے درآمدی بل میں کمی کی حکمت عملی:

وزیراعظم نے ملک میں زرعی انقلاب لانے کے لیے کسانوں کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے نشان دہی کی کہ پاکستان سالانہ تقریباً 4 ارب ڈالر کا خوردنی تیل درآمد کرتا ہے، اور اگر اقدامات کے ذریعے اس بل میں صرف 400 ملین ڈالر کی بھی کمی لائی جا سکے تو یہ ملکی معیشت کے لیے ایک بڑا اور نمایاں قدم ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا میں روزگار کے مواقع، پاکستانیوں کیلئے اہم معلومات جاری

اس مقصد کے لیے انہوں نے زیتون کے علاوہ پام آئل اور سورج مکھی کی کاشت کو فروغ دینے پر زور دیا اور یقین دہانی کرائی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں باہم مل کر کسانوں کو ضروری سہولیات اور سرپرستی فراہم کرتی رہیں گی۔

پاکستان اور اٹلی کا باہمی تعاون

پاکستان اور اٹلی کے درمیان زرعی شعبے، ٹریکٹر مینوفیکچرنگ اور دیگر شعبوں میں شراکت داری کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ زیتون کی پیداوار، ویلیو ایڈیشن اور پروسیسنگ کے شعبوں میں اس تعاون کو مزید پھیلایا جائے گا۔

اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے اولیو آئل کے طبی فائدے اجاگر کیے اور بتایا کہ ماضی کی پی ڈی ایم حکومت کے دور میں پام آئل کی پلانٹیشن کے حوالے سے شروع کیے گئے اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔