فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشان امتیاز ملٹری، ہلال جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ ایران کا ایک روزہ دورہ مکمل کرلیا۔
دورہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کا حصہ قرار
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ جاری امریکا، ایران تنازع کے تعطل کو ختم کرنے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں کیا گیا۔ دورے کا مقصد خطے میں عدم استحکام کے مستقل خاتمے کیلئے ممکنہ راستے تلاش کرنا بھی تھا۔
ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، سپریم لیڈر کے نمائندے برائے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل محسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقاتیں کیں۔
آبنائے ہرمز کھولنے پر بھی گفتگو
ملاقاتوں کے دوران خطے میں جاری کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے فوری خاتمے کیلئے مختلف اقدامات پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے موجودہ صورتحال کے ممکنہ حل پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔
مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل پر اتفاق
دونوں جانب سے خطے میں امن کے قیام اور تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے طریقوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ ایرانی قیادت نے کشیدگی کم کرنے اور تنازع کے پرامن حل میں سہولت کاری کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہا۔
ایرانی حکام نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا
آئی ایس پی آر کے مطابق ایران پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور دیگر اعلیٰ ایرانی سول و عسکری حکام نے کیا۔ دورے کے دوران خطے میں امن، کشیدگی میں کمی اور موجودہ تنازع کے سفارتی حل پر خصوصی توجہ مرکوز رہی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانی وزیر داخلہ کی اہم ملاقات، علاقائی صورتحال پر گفتگو




