تہران: پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے دورۂ ایران کے دوران ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی سے اہم ملاقات کی ہے۔ اس سے قبل تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر داخلہ نے پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
اعلیٰ سطحی مذاکرات اور سیکیورٹی تعاون
آئی ایس پی آر کے مطابق اس اعلیٰ سطحی دورے کا بنیادی مقصد مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے پرامن، پائیدار اور جامع حل کے لیے سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، بارڈر سیکیورٹی اور علاقائی امن و استحکام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم دورہ پر ایران روانہ ہوگئے، آئی ایس پی آر
ایران کا پاکستانی سفارتی کوششوں کا اعتراف
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کے مطابق ایران پاکستان کی جانب سے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو قدر کی نگاه سے دیکھتا ہے۔ اس دورے سے دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان سیکیورٹی امور اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔




