اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پنشنرزکیلئے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا طریقہ کار جاری کردیا ہے، جس کے تحت شہری پاک آئیڈینٹیٹی موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے یہ سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
نادرا کے مطابق سرٹیفکیٹ کی درخواست مکمل ہونے کے بعد یہ متعلقہ پنشن فراہم کرنے والے ادارے کو خودکار طور پر ارسال ہوجاتا ہے، لہٰذا شہریوں کو اسے الگ سے جمع کرانے کی ضرورت نہیں رہتی۔
پاک آئیڈینٹیٹی ایپ کے ذریعے درخواست
پنشنر کو سب سے پہلے پاک آئیڈینٹیٹی موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے اپنا اکاؤنٹ بنانا ہوگا۔ اکاؤنٹ بنانے کے دوران صارف کی چہرے کی تصویر اور فنگر پرنٹس حاصل کیے جائیں گے۔
اگر فنگر پرنٹس کی تصدیق نہ ہوسکے تو نادرا کے مطابق چہرے کی شناخت کے ذریعے بھی تصدیقی عمل مکمل کیا جاسکتا ہے۔
اپنے یا اہل خانہ کے لیے سرٹیفکیٹ
ایپ میں پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کا آپشن منتخب کرنے کے بعد صارف کو “My Self” اور “My Blood Relatives” کے دو آپشنز فراہم کیے جائیں گے۔
اپنا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے “My Self” منتخب کرنا ہوگا، جبکہ والدین، بہن بھائی، شوہر، بیوی یا بچوں کے لیے “My Blood Relatives” کا آپشن استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے متعلقہ فرد کا فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) میں درج ہونا ضروری ہے۔
پنشن ریکارڈ کی تصدیق لازمی
نادرا کے مطابق درخواست کے دوران متعلقہ پنشن فراہم کرنے والے ادارے کے ریکارڈ کی تصدیق کی جائے گی۔ ریکارڈ کی تصدیق ہوجانے پر درخواست اگلے مرحلے میں چلی جائے گی۔
اگر ریکارڈ کی تصدیق نہ ہوسکے تو پنشنر کو اپنے متعلقہ پنشن فراہم کرنے والے ادارے سے رابطہ کرنا ہوگا۔
چہرے کی تصدیق کے لیے احتیاط
درخواست منظور ہونے کے بعد صارف کو چہرے کی تصدیق کے مرحلے سے گزرنا ہوگا۔ نادرا نے ہدایت کی ہے کہ اس مقصد کے لیے روشن جگہ کا انتخاب کیا جائے اور چہرہ کیمرے کے فریم میں واضح رکھا جائے۔
چہرے کی تصویر لیتے وقت ٹوپی، عینک یا ماسک استعمال نہیں کیا جاسکے گا، جبکہ تصویر کے لیے سفید پس منظر ضروری ہوگا۔
فنگر پرنٹس کی تصدیق
چہرے کی تصدیق کے بعد فنگر پرنٹس کی تصدیق کا مرحلہ ہوگا۔ نادرا کے مطابق اگر فنگر پرنٹس کی تصدیق کامیاب نہ بھی ہو تو درخواست کو اگلے مرحلے میں منتقل کردیا جائے گا۔
سرٹیفکیٹ ایپ میں دستیاب ہوگا
درخواست کامیابی سے جمع ہونے کے بعد پروف آف لائف سرٹیفکیٹ پاک آئیڈینٹیٹی ایپ میں ظاہر ہوجائے گا، جہاں سے صارف اسے اپنے موبائل فون میں ڈاؤن لوڈ کرکے محفوظ کرسکتا ہے۔
سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد اسے دیکھنے کے لیے ہر مرتبہ انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔ صارف ایپ کی ہوم اسکرین پر موجود ID Wallet میں جاکر My Documents کے ذریعے سرٹیفکیٹ دیکھ سکتا ہے۔
پنشن ادارے کو خودکار ترسیل
نادرا کے مطابق پروف آف لائف سرٹیفکیٹ متعلقہ پنشن فراہم کرنے والے ادارے کو خودکار طور پر بھیج دیا جاتا ہے، جس کے باعث پنشنر کو سرٹیفکیٹ الگ سے جمع کرانے کی ضرورت نہیں رہتی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نادرا کا بزرگ پنشنرز کو پروف آف لائف سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان
نادرا نے واضح کیا ہے کہ اگر درخواست کے دوران پنشن فراہم کرنے والے ادارے کا ریکارڈ تصدیق نہ ہوسکے تو اس کی وجہ ادارے اور نادرا کے درمیان پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کے حوالے سے معاہدے کا موجود نہ ہونا یا پنشنر کا ریکارڈ اپ ڈیٹ نہ ہونا ہوسکتی ہے۔ ایسی صورت میں پنشنر کو متعلقہ ادارے سے رابطہ کرنا ہوگا۔




