مدھیہ پردیش: اجتماعی شادی سے دلہنیں غائب، دلہوں کے ساتھ ہاتھ ہو گیا

نئی دہلی: بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں شادی کے نام پر درجنوں نوجوانوں کے ساتھ فراڈ کا انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 40 سے زائد دولہے دلہنوں کا انتظار کرتے رہے لیکن کوئی دلہن شادی کیلئے نہیں پہنچی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مدھیہ پردیش کے رہائشی ابھیشیک ورما کے والدین اپنے بیٹے کی شادی کیلئے پریشان تھے، اسی دوران قریبی گاؤں کے ایک شخص نے خود کو میرج میچ میکر ظاہر کرتے ہوئے رشتہ کرانے کی پیشکش کی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر : وزارت عظمیٰ مسلم لیگ ن کیلئے چیلنج ،وزیراعظم پراتفاق نہ ہوسکا

مبینہ طور پر اس نے دولہوں کے خاندانوں کو بتایا کہ انہیں صرف تصویروں کے البم سے یتیم لڑکی کا انتخاب کرنا ہوگا اور اجتماعی شادی میں شرکت کیلئے تقریباً 200 ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔

مئی کے آخر میں شادی کے روز ورما سمیت تقریباً 40 دولہے صبح 8 بجے شادی کے لباس میں تقریب میں پہنچے۔ دلہے کئی گھنٹے دلہنوں کا انتظار کرتے رہے، تاہم شام تک انہیں احساس ہوا کہ وہ فراڈ کا شکار ہوچکے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ہالن شمالی میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 3 افراد جاں بحق، 6 شدید زخمی

پولیس افسر پریتی کٹارے کے مطابق فراڈ کا شکار ہونے والے افراد دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے 20 سے 40 سال کی عمر کے مرد ہیں۔ شرمندگی کے باعث ممکنہ طور پر درجنوں دیگر متاثرین نے پولیس سے رابطہ نہیں کیا۔

پولیس نے رشتے کروانے والے شخص اور اس کے ساتھیوں کے خلاف دھوکہ دہی کے مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔