اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل )ملک بھر میں ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ربیع الاول کل بروز ہفتہ 15 اگست 2026 کو ہوگی
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ملک بھر میں ربیع الاول 1448ھ کا چاند نظر نہیں آیا۔ جس کے بعد یکم ربیع الاول کل بروز ہفتہ 15 اگست 2026 کو ہوگی۔
چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اجلاس
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ممبران، فنی ماہرین اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ملک بھر سے عدم رویت کی اطلاعات
اجلاس کے دوران ملک کے مختلف علاقوں سے چاند کی رویت سے متعلق موصول ہونے والی اطلاعات اور شہادتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تمام شواہد اور رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی کہ کسی بھی مقام سے چاند نظر آنے کی قابلِ قبول شہادت موصول نہیں ہوئی۔
نئے اسلامی مہینے اور 12 ربیع الاول کی تاریخ کا اعلان
چاند نظر نہ آنے کے حتمی اعلان کے بعد محرم الحرام اور صفر المظفر کے بعد اسلامی کیلنڈر کا نیا مہینہ ربیع الاول 15 اگست سے شروع ہوگا۔ اس حساب سے 12 ربیع الاول مبارک بدھ 26 اگست 2026 کو ہوگی۔
جشنِ میلاد النبی ﷺ اور مذہبی محافل کی تیاریاں
12 ربیع الاول کے مبارک موقع پر ملک بھر میں سيرت النبی ﷺ کانفرنسز، محافلِ میلاد اور دیگر مذہبی پروگرامز عقیدت و احترام سے منعقد کیے جائیں گے۔ مختلف شہروں میں جشنِ میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے گلیوں اور عمارتوں کو سجانے کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔




