دنیا بھر میں فلکیات سے دلچسپی رکھنے والے افراد کیلئے خوشخبری ہے کہ تقریباً دو سال بعد ایک مرتبہ پھر مکمل سورج گرہن رونما ہوگا۔
اس بار کا گرہن کئی حوالوں سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ بعض علاقوں میں لوگ اسے سورج غروب ہونے کے وقت دیکھ سکیں گے، جو ایک نہایت نایاب اور دلکش منظر تصور کیا جاتا ہے۔
امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق مکمل سورج گرہن 12 اگست کو ہوگا، تاہم اس کا مکمل نظارہ دنیا کے صرف چند مخصوص علاقوں تک محدود رہے گا۔
ناسا کے مطابق گرین لینڈ، آئس لینڈ، شمالی اسپین اور پرتگال کے ایک محدود حصے میں رہنے والے افراد مکمل سورج گرہن کا مشاہدہ کر سکیں گے۔
خصوصی طور پر اسپین کے شمالی علاقوں میں سورج غروب ہونے کے دوران مکمل گرہن دکھائی دے گا، جس سے آسمان پر ایک یادگار اور مسحور کن منظر پیدا ہوگا۔
اس کے علاوہ یورپ کے بیشتر ممالک اور شمالی افریقہ کے مختلف علاقوں میں مکمل نہیں بلکہ جزوی سورج گرہن دیکھا جا سکے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:12 اگست کو سال 2026 کا مکمل سورج گرہن، دنیا کے مخصوص علاقوں میں قدرت کا شاندار نظارہ ممکن
روس بھی ان منفرد ممالک میں شامل ہوگا جہاں مختلف مقامات پر گرہن کا منظر مختلف اوقات میں دکھائی دے گا۔
ملک کے غیر آباد علاقے Taymyr Peninsula میں جزوی سورج گرہن سورج طلوع ہونے کے وقت شروع ہوگا، جبکہ روس کے دوسرے حصوں میں سورج غروب ہونے کے وقت جزوی گرہن دیکھا جا سکے گا۔
ماہرین کے مطابق سورج غروب ہونے کے دوران گرہن کا مشاہدہ ایک نایاب فلکیاتی واقعہ ہے، جو کئی برسوں بعد دیکھنے کا موقع ملتا ہے، اسی لیے 12 اگست کا یہ سورج گرہن غیر معمولی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اس صدی کا طویل ترین سورج گرہن جنوبی یورپ،شمالی افریقہ،مشرق وسطیٰ میں دیکھاجاسکے گا
پاکستانی وقت کے مطابق جزوی سورج گرہن کا آغاز رات 10 بج کر 34 منٹ پر ہوگا، مکمل گرہن رات 12 بج کر 12 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچے گا، جبکہ یہ فلکیاتی مظہر رات 2 بج کر 58 منٹ پر اختتام پذیر ہوگا۔




