روہت شرما

بھارتی کرکٹ بورڈ نے روہت شرما کی ریٹائرمنٹ سے متعلق افواہوں کو مسترد کر دیا

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری دیواجیت سائیکیا نے ان افواہوں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں لارڈز ون ڈے کو سینئر اوپنر روہت شرما کا آخری انٹرنیشنل میچ قرار دیا جا رہا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سیکرٹری بی سی سی آئی نے وضاحت کی کہ بورڈ میں روہت شرما کی ریٹائرمنٹ سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہوئی، اس لیے لارڈز میں کھیلا جانے والا تیسرا ون ڈے ان کا آخری میچ ہرگز نہیں ہے۔

انہوں نے  روہت شرما کو ٹیم کا ایک اہم اور مستقل رکن قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک وہ مستقبل کے منصوبوں کا حصہ ہیں، ملک کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ون ڈےورلڈ کپ 2027 ،بی سی سی آئی کا روہت شرما کی جگہ نوجوان کرکٹرز کو تیار کرنےکا فیصلہ

انہوں نے مزید کہا کہ فی الوقت پوری ٹیم کی توجہ انگلینڈ کے خلاف اہم میچ پر ہے، اس لیے ایسی بے بنیاد قیاس آرائیوں پر کان دھرنے کی ضرورت نہیں۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف ابتدائی دو ون ڈے میچز میں روہت شرما کی فارم بہتر نہیں رہی تھی اور وہ بالترتیب 11 اور 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد ان کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی20 کرکٹ میں کوئی ٹیم ٹورنامنٹ کی فیورٹ نہیں ہو سکتی :روہت شرما

بعض میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ سلیکٹرز نے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلئے روہت شرما کے بغیر مستقبل کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے، تاہم بورڈ کے حالیہ بیان نے ان تمام قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا ہے۔