میرپور (کشمیر ڈیجیٹل) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر جہانگیر احمد کی زیر صدارت عام انتخابات 2026 کے انعقاد کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے وضع کردہ ضابطۂ اخلاق پر ہر صورت مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، اور پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے جامع سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پر سرکاری ملازمین کے منتخب پولنگ ڈے کیلئےکیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا، اور یہ فیصلہ ہوا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مؤثر ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
ووٹرز کے لیے واضح کیا گیا ہے کہ ووٹ کا حق صرف اصل قومی شناختی کارڈ کی بنیاد پر استعمال کیا جا سکے گا جبکہ کسی بھی شہری کو قومی شناختی کارڈ کے علاوہ کسی بھی دوسری دستاویز پر ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اجلاس میں انتخابی تیاریوں، مجموعی صورتحال اور پولنگ کے روز انتظام و انصرام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مختلف امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہانگیر احمد نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس لیے انتخابی عمل کے ہر مرحلے پر قانون، ضابطۂ اخلاق اور الیکشن کمیشن کی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:طاقت یا احتجاج سے مہاجرین کی نشستیں کم یا ختم نہیں ہوں گی،وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام
انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسران اور سرکاری ملازمین اپنی ذمہ داریاں مکمل غیرجانبداری، دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں تاکہ عوام کو انتخابی عمل کے دوران ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
پولنگ اسٹیشنز پر نظم و ضبط، امن و امان اور ووٹرز کی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے، جبکہ کسی بھی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں ریٹرننگ آفیسر حلقہ ایل اے-3 وقاص افسر، ریٹرننگ آفیسر حلقہ ایل اے-2 گل شیر احمد، ریٹرننگ آفیسر حلقہ ایل اے-4 عقیل احمد لنگڑیال، ڈپٹی کمشنر میرپور ساجد اسلم، ایس ایس پی میرپور خرم اقبال اور ڈی ایس پی سکندر اعظم نے شرکت کی۔
ان کے علاوہ رجسٹرار میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (مسٹ) پروفیسر نعیم اقبال رتیال، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (زنانہ) فرخ اویس، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد اسحاق مغل، اسسٹنٹ کمشنرز میرپور، ڈڈیال اور اسلام گڑھ، تحصیلدار میرپور و اسلام گڑھ، اسسٹنٹ الیکشن کمشنر میرپور ذیشان خلیل، ایکسین برقیات شوکت علی عباسی اور نگران دفتر ڈسٹرکٹ کورٹ میرپور جمیل احمد سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارتی میڈیا نورین خان کے بیانئے کو مودی کے حق میں استعمال کرنے لگا
اجلاس میں شرکاء کی جانب سے انتخابی انتظامات کو مزید مؤثر، منظم اور شفاف بنانے کے حوالے سے پیش کی گئی تجاویز کا جائزہ لیا گیا، جس پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر جہانگیر احمد نے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر عام انتخابات 2026 کو پُرامن، شفاف، غیرجانبدار اور قانون کے تقاضوں کے مطابق کامیاب بنایا جائے گا۔




