امیر مقام

طاقت یا احتجاج سے مہاجرین کی نشستیں کم یا ختم نہیں ہوں گی،وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام

سماہنی (کشمیر ڈیجیٹل) وفاقی وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کی وادی سماہنی آمد پر پونا کے مقام پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسمبلی چوہدری محمد رزاق اور سابق ممبر اسمبلی راجہ مقصود احمد خان کی قیادت میں فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔ اس کے بعد برجاہ، جنڈالہ، بنڈی اور دیگر مقامات پر بھی سینکڑوں کارکنوں نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ جب سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل یہ قافلہ ‘چوکی’ پہنچا تو انجینئر امیر مقام کو روایتی بھگی میں بٹھا کر جوش و خروش کے ساتھ جلسہ گاہ لایا گیا۔

سیاسی وفاداریاں تبدیل اور مسلم لیگ (ن) میں بڑی شمولیتیں:
یہ پروگرام حلقہ 6 سماہنی میں مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا تھا جو بعد میں ایک بڑے عوامی جلسے میں تبدیل ہو گیا۔ اس موقع پر چیئرمین یونین کونسل سرسالہ منانہ چوہدری عبدالرحمن سدھو، وائس چیئرمین لالہ مقصود، اور یونین کونسل کھنباہ کے ٹھیکیدار محمود مغل سمیت متعدد بااثر عوامی شخصیات نے سینکڑوں کارکنوں کے ہمراہ موجودہ ممبر اسمبلی چوہدری علی شان سونی کی حمایت چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محمد رزاق کی حمایت کا باقاعدہ اعلان کیا۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا جلسے سے خطاب اور انتخابی دعویٰ:
شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ عوام کا یہ جوش و جذبہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حلقہ 6 سماہنی کی نشست مسلم لیگ (ن) جیت چکی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کو سب سے زیادہ ووٹ اسی حلقے سے ملیں گے اور انتخابی نتائج میں کامیابی کا پہلا اعلان چوہدری محمد رزاق کی فتح کی صورت میں ہوگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مسلم لیگ (ن) سماہنی کے عوام کی محبت کبھی فراموش نہیں کرے گی اور میاں نواز شریف کی قیادت میں عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔
قومی دفاع، ایل او سی کے عوام اور ترقیاتی وعدے:

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وہ اس قائد نواز شریف کے کارکن ہیں جس نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ وادی سماہنی کے غازیوں اور شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر بسنے والوں کی پشت پر پوری پاکستانی قوم کھڑی ہے اور بھارت کبھی بھی کشمیریوں کے جذبہ ایمانی اور پاک افواج کے عزم کو شکست نہیں دے سکتا۔

ترقیاتی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دانش سکولوں کے قیام سے بچوں کو معیاری تعلیم ملے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہاجرین کی 12 نشستیں کشمیریوں کی قربانیوں کی علامت ہیں اور ان سے متعلق فیصلے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہوں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے سماہنی میں زیر تعمیر گرڈ اسٹیشن کی فنڈنگ جاری رکھنے اور اسے جلد مکمل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ کامیابی کے بعد چوہدری محمد رزاق کا دفتر عوام کے لیے ہر وقت کھلا رہے گا اور مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔

امیدوار اسمبلی چوہدری محمد رزاق کا خطاب :
مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محمد رزاق نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کا یہ ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر گواہ ہے کہ ن لیگ یہاں سے جیت چکی ہے۔ انہوں نے تاحیات  الیکشن پارٹی سے وفاداری کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ جب تک ان کے جسم میں جان ہے وہ کارکنوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ انہوں نے انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹکٹ دے کر انہوں نے وادی سماہنی کے عوام پر احسان کیا ہے جس سے اقتدار کی تبدیلی اور ترقی کے نئے دور کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔

چوہدری محمد رزاق نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ حکومت سے اپنی کوششوں کے ذریعے حلقے میں ڈھائی ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کروائے تھے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ “بارڈر پیکج کا نام تبدیل کرکے کنٹرول لائن پیکج رکھا جائے کیونکہ حلقہ 6 سماہنی کی 45 کلومیٹر طویل سرحد ایل او سی سے ملتی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ یونین کونسل باغسر، بنڈالہ، سرسالہ منانہ اور کھنباہ براہِ راست متاثرہ علاقے ہیں جہاں سڑکوں اور تعلیمی اداروں کی حالت انتہائی خراب ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کامیابی کے ایک سال کے اندر ترقی کے واضح آثار نظر آئیں گے اور پانچ سال میں سماہنی کو ترقی یافتہ حلقوں کی صفِ اول میں کھڑا کر دیا جائے گا۔

دیگر رہنماؤں کا خطاب: 

اس بڑے عوامی جلسے سے مسلم لیگ (ن) کے دیگر سینئر رہنماؤں، جن میں سابق ممبر اسمبلی راجہ مقصود احمد خان، سابق مشیر حکومت راجہ ظفر بیربل، راجہ رزاق کشمیری، نصیر اختر موجو، اور چوہدری طاہر اقبال شامل تھے، نے بھی خطاب کیا اور پارٹی کی کامیابی کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔