کسی بھی شرپسند گروہ کو آزاد کشمیر کا پرامن ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے، رانا ثناء اللہ

میرپور (کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان قائم لازوال رشتہ کسی صورت کمزور نہیں کیا جا سکتا۔

میرپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں اور مسئلہ کشمیر پاکستانی قوم کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کسی بھی شرپسند یا انتشار پسند گروہ کو آزاد کشمیر کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن آزادکشمیر کا پولنگ اسٹیشنز پرموثر سکیورٹی انتظامات کا فیصلہ

وفاقی وزیررانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ 27جولائی کو آزاد جموں و کشمیر میں ہونے والے انتخابات بروقت، شفاف اور پرامن ماحول میں منعقد ہوں گے اور کشمیری عوام اپنے ووٹ کے ذریعے بہتر قیادت کا انتخاب کریں گے۔

انہوں نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مبینہ سندور آپریشن کے دوران آزاد کشمیر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، تاہم پاکستان کی مسلح افواج نے بھرپور جواب دے کر دشمن کے عزائم ناکام بنا دیئے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے آزاد کشمیر میں بجلی اور آٹے پر سبسڈی فراہم کی جبکہ بجلی کے نظام کی بہتری کیلئے10ارب روپے جاری کیئے گئے۔ عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ہائیکورٹ آزادکشمیر، ایڈھاک ایکٹ 2026معطل،حکم امتناعی جاری

اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا کہ احتجاجی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے بیشتر مطالبات پر عملدرآمد کیا گیا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف 19 جولائی کو میرپور کا دورہ کریں گے اور کشمیری عوام سے خطاب کریں گے۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل سیکرٹری چوہدری طارق فاروق،مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما امیدوار اسمبلی چوہدری محمد سعید، چوہدری اظہر صادق، کرنل ر وقار نور۔عظیم بخش، چوہدری رخسار بھی موجود تھے۔