تہران(کشمیر ڈیجیٹل) پاسداران انقلاب کی بحریہ نے اعلان کیا کہ آبنائے ہرمز کو ’’آئندہ اطلاع تک‘‘ عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران براڈکاسٹنگ (آئی آر آئی بی) کے مطابق آئی آر جی سی نیوی نے اپنے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز میں غیر ملکی مداخلت اور جہاز رانی کے لیے مبینہ طور پر ’’غیر قانونی راستہ‘‘ مقرر کرنے کی کسی بھی کوشش کا سخت جواب دیا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سینٹکام کا ایران پر اضافی فضائی حملوں کا دعویٰ، آبنائے ہرمز میں کشیدگی برقرار
پاسداران نیوی کے مطابق متعدد بحری جہازوں نے اپنے راستے کی درستی اور منظور شدہ بحری گزرگاہ اختیار کرنے سے متعلق انتباہات کو نظر انداز کیا۔
ایک جہاز نے مبینہ طور پر اپنے نیویگیشن سسٹمز بند کر دیے تھے اور بحری سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا تھا، راستہ تبدیل کرنے کا حکم نظر انداز کرنے پر اس پر انتباہی فائرنگ کی گئی
نیم سرکاری فارس نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ جہاز کو کروز میزائل سے نشانہ بنایا گیا تھا، جہاز نے ایرانی حکام کی جانب سے واپسی کی وارننگ کو نظر انداز کر دیا تھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عمان نے آبنائے ہرمز کیلئےاہم تجویز دے دی، ایران کا اہم فیصلہ متوقع
آئی آر جی سی نیوی نے کہا کہ جب تک علاقے میں امریکی مداخلت ختم نہیں ہوتی، کسی بھی بحری جہاز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بیان میں مزید خبردار کیا گیا کہ کسی بھی نئے حملے یا خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، جس میں خطے میں دشمن کے مبینہ نئے اڈوں کو نشانہ بنانا بھی شامل ہوگا۔




