گوادر / اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان کیلئے تاریخی لمحہ! پہلی بار، بڑے پیمانے پر بحری جہازوں میں ایندھن بھرنے کا باضابطہ طور پر پاکستانی علاقائی پانیوں میں آغاز ہو گیا ۔
گوادر بندرگاہ اب بین الاقوامی شپنگ کیلئے ایک مکمل اسٹریٹجک ایندھن کا مرکز بن گیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی معاشی اور سمندری تاریخ میں ایک عظیم اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔

جہاں ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستانی علاقائی حدود میں بین الاقوامی بحری جہازوں کو بڑے پیمانے پر ری فیولنگ (بنکرنگ) فراہم کرنے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عمران خان اور جمائمہ خان کا تاریخی برطانوی محل فروخت کیلئے پیش
اس شاندار کامیابی کے ساتھ ہی گوادر پورٹ اب عالمی جہاز رانی کے لیے ایک اہم اور اسٹریٹجک ری فیولنگ ہب بن کر ابھرا ہے۔تفصیلات کے مطابق، نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن اور عالمی توانائی کمپنی ‘وائٹول کے اشتراک سے گوادر پورٹ پر بنکرنگ کا پہلا تاریخی آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
اس آپریشن کے تحت متحدہ عرب امارات کے ملکیتی ایل این جی بردار بحری جہازکو 2,500 میٹرک ٹن بین الاقوامی معیار کا ایندھن کامیابی سے فراہم کیا گیا۔

یہ اعلیٰ معیار کا ایندھن پاکستان کی مشہور ریفائنری سائینرجیکو پی کے لمیٹڈمیں تیار کیا گیا ہے۔یہ سنگِ میل پاکستان میں بنکرنگ اور میرین فیول سپلائی کے ماحولیاتی نظام کی ترقی میں ایک انقلابی قدم ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جھیلیں پھٹنے کا امکان، لینڈ سلائیڈنگ ،فلش فلڈ کا خدشہ،الرٹ جاری
جیو پولیٹیکل (جغرافیائی و سیاسی) تنازعات اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اس دور میں، گوادر پورٹ دنیا بھر کے سمندری راستوں سے گزرنے والے بین الاقوامی بحری جہازوں کے لیے ایک محفوظ، قابلِ اعتماد اور بہترین متبادل ری فیولنگ لوکیشن کے طور پر سامنے آیا ہے۔
اس اقدام سے نہ صرف پاکستان کی بلیو اکانومی (سمندری معیشت) کو فروغ ملے گا بلکہ ملک کے لیے بھاری مقدار میں زرِ مبادلہ کمانے کی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔




