مظفرآباد

مظفرآباد: سرکاری وسائل کی مبینہ ناقدری، محکمہ اوقاف کی قیمتی گاڑیاں ناکارہ

مظفرآباد (رپورٹ: محمد شبیراعوان) دارالحکومت مظفرآباد میں سرکاری وسائل کے مبینہ غیر مؤثر استعمال اور غفلت کا انکشاف سامنے آیا ہے، جہاں احاطہ سہیلی سرکار بادشاہ میں محکمہ اوقاف کے زیرِ استعمال لاکھوں روپے مالیت کی سرکاری گاڑیاں کھلے آسمان تلے ناکارہ حالت میں پڑی ہوئی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق سوزوکی پوٹھوہار اور پجارو سمیت متعدد سرکاری گاڑیاں طویل عرصے سے مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث قابلِ استعمال نہیں رہیں اور آہستہ آہستہ مکمل تباہی کا شکار ہو رہی ہیں ۔

یہ گاڑیاں عوامی ٹیکس کے پیسوں سے خریدی گئی تھیں، تاہم ان کی موجودہ حالت سرکاری غفلت اور ناقص دیکھ بھال کی نشاندہی کرتی ہے ۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ برسوں کے دوران ان گاڑیوں کی مرمت اور مینٹیننس پر مبینہ طور پر خطیر رقم خرچ کی گئی، تاہم اس کے باوجود گاڑیوں کی حالت بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہوتی گئی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد میں محکمہ اوقاف کی لاکھوں روپے مالیت کی سرکاری گاڑیاں ناکارہ ہونے کا انکشاف

اس صورتحال نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے کہ آخر مرمتی اخراجات کے باوجود یہ گاڑیاں اس حالت تک کیوں پہنچیں ۔

عوامی حلقوں کی جانب سے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اس کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کا تعین کیا جائے تاکہ قومی وسائل کے ضیاع کو روکا جا سکے۔

عوام کا کہنا ہے کہ وہ یہ جاننے کا حق رکھتے ہیں کہ ان کے ٹیکس کا پیسہ کہاں اور کس مد میں خرچ کیا گیا اور اگر بھاری اخراجات کیے گئے تو اس کے باوجود گاڑیوں کی یہ حالت کیوں برقرار رہی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:قبل از الیکشن کا ن لیگی مطالبہ مایوسی،فاروق حیدر سرکاری وسائل استعمال سے گریز کریں، ذیشان حیدر

یہ گاڑیاں آج خاموشی سے سرکاری غفلت اور ناقص انتظامی کارکردگی کی داستان بیان کر رہی ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آیا ۔