اسلام آباد: حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وطن واپس آنے والے پاکستانی حجاج کرام کے لیے آبِ زم زم اور سامان کی ترسیل سے متعلق اہم پالیسی جاری کر دی گئی ہے۔
ایئرلائنز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں حجاج کو سامان کے وزن اور آبِ زم زم لے جانے کے قواعد و ضوابط سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا ہے تاکہ واپسی کے سفر کے دوران کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس جاری کردہ اعلامیے کے مطابق تمام حجاج کرام کو اپنے ذاتی سامان کے ساتھ آبِ زم زم لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، بلکہ تمام پاکستانی حجاج کو 5 لیٹر آبِ زم زم وطن واپسی پر ایئرپورٹ پر ہی فراہم کیا جائے گا۔ انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد سفر کے دوران سامان کی بہتر نگرانی اور حجاج کے لیے سہولت کو یقینی بنانا ہے۔ پالیسی کے تحت یہ واضح کیا گیا ہے کہ سعودی ایئرلائنز کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کو آبِ زم زم کی یہ بوتل سعودی عرب کے ایئرپورٹ پر ہی فراہم کی جائے گی، جبکہ دیگر پاکستانی ایئرلائنز کے ذریعے سفر کرنے والے حجاج کو وطن پہنچنے پر زم زم حاصل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:دلیہ بیچ کر حج کا خواب پورا کرنے والی 104 سالہ انڈونیشین خاتون مکہ پہنچ گئیں
اسی طرح سامان کے وزن کے حوالے سے بھی پالیسی میں واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ سرکاری اور نجی پاکستانی ایئرلائنز کے ذریعے سفر کرنے والے حجاج کرام کو اپنے ساتھ 40 کلوگرام تک سامان لانے کی اجازت ہوگی، جبکہ سعودی ایئرلائنز کے مسافروں کے لیے 46 کلوگرام سامان کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستانی اور سعودی ایئرلائنز دونوں میں 7 کلوگرام تک دستی سامان (ہینڈ کیری) لے جانے کی اجازت برابر برقرار رہے گی۔ حج انتظامات سے وابستہ حکام نے حجاج کرام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ روانگی اور واپسی کے دوران مقررہ وزن اور سامان سے متعلق تمام قواعد پر سختی سے عمل کریں تاکہ سفری مراحل آسانی، نظم و ضبط اور خوش اسلوبی سے مکمل کیے جا سکیں۔



