مظفرآباد میں محکمہ اوقاف کی لاکھوں روپے مالیت کی سرکاری گاڑیاں ناکارہ ہونے کا انکشاف

دارالحکومت مظفرآباد میں سرکاری وسائل کی مبینہ ناقدری کا انکشاف ہوا ہے، جہاں سہیلی سرکار بادشاہ کے احاطے میں محکمہ اوقاف کے زیرِ استعمال لاکھوں روپے مالیت کی قیمتی سرکاری گاڑیاں کھلے آسمان تلے ناکارہ حالت میں پڑی ہوئی ہیں۔

مظفرآباد کے احاطہ سہیلی سرکار بادشاہ میں محکمہ اوقاف کے زیرِ استعمال لاکھوں روپے مالیت کی سرکاری گاڑیاں کھلے آسمان تلے ناکارہ حالت میں پڑی ہیں۔ عوامی ٹیکس کے پیسے سے خریدی گئی یہ قیمتی گاڑیاں مناسب دیکھ بھال اور مینٹیننس نہ ہونے کے باعث آہستہ آہستہ تباہی اور بربادی کا شکار ہو رہی ہیں۔ ان گاڑیوں میں سوزوکی پوٹھوہار اور پجارو سمیت متعدد دیگر گاڑیاں شامل ہیں، جو آج خاموشی سے سرکاری غفلت کی داستان سنا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حالیہ کمی کے باوجود پیٹرول اور ڈیزل اب بھی مہنگے، شہریوں پر پیٹرولیم لیوی کا اضافی بوجھ برقرار

اس سنگین صورتحال پر اب یہ سوال کھڑا ہو گیا ہے کہ ان گاڑیوں کی مرمت اور مینٹیننس کے لیے گزشتہ برسوں کے دوران سرکاری خزانے سے کتنی رقم خرچ ہوئی، اور اگر ان پر رقوم خرچ کی گئیں تو آج یہ قیمتی گاڑیاں اس بدترین حالت میں کیوں موجود ہیں؟ اس حوالے سے متعلقہ حکام سے یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ اس پورے معاملے کی شفاف تحقیقات کروائیں اور ذمہ داروں کا تعین کریں تاکہ قومی وسائل کے اس ضیاع کا سدباب کیا جا سکے۔ دوسری جانب عوام یہ جاننے کا پورا حق رکھتے ہیں کہ ان کے ٹیکس کا پیسہ آخر کہاں اور کس طرح خرچ ہوا۔