فلکیاتی دلچسپی رکھنے والے شہریوں کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے، جہاں آج رات آسمان پر ایک نایاب منظر ’’بلیو مون‘‘ کا مشاہدہ کیا جا سکے گا اور پاکستان میں اسے دیکھنے کا درست وقت بھی سامنے آگیا ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق مئی 2026 میں دوسری بار مکمل چاند نمودار ہو رہا ہے، جسے فلکیاتی اصطلاح میں بلیو مون کہا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق بلیو مون اس وقت کہا جاتا ہے جب ایک ہی کیلنڈر مہینے میں دو مکمل چاند نمودار ہوں۔ یہ ایک غیر معمولی فلکیاتی واقعہ ہے جو عام طور پر دو سے تین سال کے وقفے سے دیکھنے میں آتا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ اسپیس سائنس کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سید عامر محمود کے مطابق بلیو مون دراصل چاند کے رنگ کا نام نہیں بلکہ ایک فلکیاتی اصطلاح ہے۔ ان کے مطابق جب ایک ہی مہینے میں دو مکمل چاند نمودار ہوں تو دوسرے کو بلیو مون کہا جاتا ہے، اور اس بار مئی 2026 میں پہلا مکمل چاند یکم مئی جبکہ دوسرا 31 مئی کو ظاہر ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سالِ نو کا پہلاسپر مون آج رات آسمان پردکھائی دے گا!
فلکیاتی اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں چاند آج شام تقریباً 7 بج کر 22 منٹ پر طلوع ہوگا، جبکہ رات بھر آسمان پر دکھائی دیتا رہے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شام 7:30 بجے سے 10 بجے تک مشرقی افق پر چاند کا منظر زیادہ دلکش ہوگا، جبکہ صاف موسم میں شہری پوری رات اس کا نظارہ کر سکتے ہیں۔ فلکیاتی حساب کے مطابق بلیو مون اپنے مکمل مرحلے تک آج دوپہر تقریباً 1 بج کر 45 منٹ پر پہنچ گیا تھا، تاہم اس وقت چاند افق پر موجود نہیں تھا، اسی لیے شہریوں کے لیے بہترین نظارہ آج رات ممکن ہوگا۔
مزید پڑھیں: سال 2026 : پہلا سپر مون 4 جنوری کی شب کو دیکھا جائےگا
پروفیسر ڈاکٹر سید عامر محمود نے مزید بتایا کہ یہ بلیو مون ’’مائیکرو مون‘‘ بھی ہے، کیونکہ چاند اپنے مدار میں زمین سے نسبتاً زیادہ فاصلے پر ہوگا، جس کے باعث یہ معمول کے مقابلے میں قدرے چھوٹا اور مدھم دکھائی دے سکتا ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ چاند کا نظارہ کھلے مقامات، پارکس یا بلند عمارتوں کی چھتوں سے مشرقی سمت میں کریں، جہاں روشنی کی آلودگی کم ہو اور آسمان زیادہ واضح نظر آئے۔




