چڑیا گھر

پہٹکہ چڑیا گھر سے فرار ہونے والا بندر بالآخر مقامی شہریوں نے دبوچ لیا

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) پچھلے کئی دنوں سے پہٹکہ چڑیا گھر سے فرار ہونے والا بندر کھلے عام محلوں، گلیوں اور لوگوں کے گھروں میں گھوم رہا ہے، جس کی وجہ سے عوام کو نقصان اٹھانا پڑا اور بچوں کو بھی خطرات لاحق ہوئے ۔

تفصیلات کے مطابق پہٹکہ چڑیا گھر سے فرار ہونے والا بندر بالآخر کئی روز بعد مقامی شہریوں کی مدد سے پکڑا گیا، جس کے بعد علاقے میں پھیلی تشویش اور خوف کی فضا ختم ہوگئی ۔

فرار ہونے کے بعد بندر مختلف محلوں، گلیوں اور رہائشی علاقوں میں گھومتا رہا، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔

علاقہ مکینوں کے مطابق بندر اچانک گھروں کی چھتوں، دیواروں اور درختوں پر نمودار ہو جاتا تھا، جس کی وجہ سے بچے اور خواتین خصوصاً خوفزدہ رہتے تھے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وائلڈ لائف اہلکار سید امتیاز شیرازی کی کامیاب کارروائی میں ریسکیو بکری پٹہکہ چڑیا گھر منتقل

بعض مقامات پر بندر نے لوگوں کے قریب آنے کی کوشش بھی کی، جس کے باعث شہریوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بچوں کو اکیلے باہر بھیجنے سے گریز کیا ۔

محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے بندر کو پکڑنے کے لیے مسلسل کوششیں کی گئیں اور مختلف مقامات پر ٹیمیں تعینات کی گئیں، تاہم بندر کی تیز رفتاری اور مسلسل جگہ تبدیل کرنے کی وجہ سے اہلکار کامیاب نہ ہو سکے ۔

کئی روز تک جاری رہنے والی اس صورتحال نے شہریوں میں بے چینی پیدا کیے رکھی۔تاہم رات گئے گلپنہ کے مقامی بچوں نے حاضر دماغی اور مقامی افراد کی مدد سے بندر کو قابو کر لیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پٹہکہ مظفرآباد میں نصیرآباد چڑیا گھر، سیاحوں اور مقامی افراد کی توجہ کا مرکز بن گیا

بعد ازاں بندر کو محفوظ طریقے سے متعلقہ محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کے حوالے کر دیا گیا ۔ شہریوں نے بندر کے پکڑے جانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مقامی بچوں کی کوششوں کو سراہا ۔