مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)30مئی 2026 کو مظفرآباد میں وفاقی مذاکراتی کمیٹی اورعوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کے تین ادوار منعقد ہوئے ۔
ان مذاکرات میں وزیراعظم آزاد کشمیرراجہ فیصل ممتاز راٹھور، صدر مسلم لیگ (ن) شاہ غلام قادر، سیکرٹری جنرل طارق فاروق اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں ۔
مذاکرات کا مقصد آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورت حال، انتخابی معاملات اور عوامی مطالبات کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کرنا تھا ۔
ذرائع کے مطابق تینوں ادوار میں مذاکرات خوشگوار ماحول میں جاری رہے اور فریقین نے مختلف اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔
تاہم مہاجرین کی مخصوص نشستوں کے معاملے پر فریقین کے درمیان اختلافات برقرار رہے جس کے باعث مذاکرات کسی حتمی نتیجے تک نہ پہنچ سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وفاقی حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی میں مذاکرات کامیاب ہونگے:شوکت جاوید میر
مہاجرین کی نشستوں سے متعلق ڈیڈ لاک پیدا ہونے کے بعد مذاکراتی عمل ایک مرتبہ پھر تعطل کا شکار ہوگیا ۔
عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنے جاری کردہ اعلامیے میں واضح کیا کہ 9 جون کی دی گئی کال بدستور برقرار رہے گی ۔
تاہم کمیٹی نے یہ بھی کہا کہ مذاکرات کے دروازے مکمل طور پر بند نہیں کیے گئے اوراگر سنجیدہ پیشرفت ہوئی تو آئندہ بھی بات چیت کا عمل جاری رکھا جا سکتا ہے ۔
وفاقی نمائندوں نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ موجودہ تعطل کے باوجود مذاکراتی عمل کو دوبارہ شروع کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ سیاسی استحکام اور تمام فریقین کے درمیان اتفاق رائے کی فضا قائم کی جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عوامی ایکشن کمیٹی،حکومت پاکستان مذاکرات، چیف سیکرٹری نے تمام فریقین کو دعوت نامہ جاری کر دیا
دوسری جانب وفاقی وزراء نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات مقررہ وقت پر منعقد کیے جائیں گے اور انتخابی عمل میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہوگی ۔




