کائی منجہ

مظفرآباد : کائی منجہ اور ہوتریڑی سے درجنوں افراد (ن)لیگ میں شامل

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) مظفرآبادکے نواحی علاقے کائی منجہ اور ہوتریڑی میں سیاسی سرگرمیوں میں اس وقت اہم پیشرفت دیکھنے میں آئی جب سید برادری کی ایک بڑی تعداد نے جے کے پی پی کو خیرباد کہہ کر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کر دیا۔ یہ شمولیتی تقریب مسلم لیگ (ن) کے نامزد اُمیدوار اسمبلی ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کی آمد کے موقع پر منعقد ہوئی ۔

علاقے کے معززین ، عمائدین اور کارکنان کی بڑی تعداد نے اس موقع پر شرکت کی اور پارٹی میں شامل ہونے والوں کا پُرتپاک استقبال کیا ۔ شرکاء نے ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کو ہار پہنائے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان کا شاندار خیرمقدم کیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور مضبوط سیاسی وژن کی حامل جماعت ہے، جس کی قیادت نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک ویژن ،نظریے کا نام ہے: جمیلہ خاتون

انہوں نے کہا کہ سید برادری سمیت مختلف طبقات کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام موجودہ سیاسی صورتحال میں مسلم لیگ (ن) کو ایک مضبوط اور قابل اعتماد سیاسی قوت کے طور پر دیکھ رہے ہیں ۔

اس موقع پر ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے نئے شامل ہونے والے افراد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وہ علاقے کی ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ عوامی اعتماد ان کے لیے ایک امانت ہے جس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کی محرومیوں کے خاتمے اور دیرپا ترقی کے لیے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر کام کیا جائے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد کی سیاست میں بڑی ہلچل: سردار تبارک علی کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ

تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور علاقے کی ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔