ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے دنوں کے دوران شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور جنوبی پنجاب کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔
منگل کے روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ تربت اور بہاولنگر میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ سبی، دادو، لاڑکانہ اور موئن جو دڑو میں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ اسی طرح سکھر میں 46، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں 45 جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: عید الاضحیٰ کے دنوں میں ملک بھر میں موسم کیسا رہے گا؟این ڈی ایم اے نے بتا دیا
دیگر شہروں میں لاہور میں 42، اسلام آباد میں 40، پشاور میں 38، کراچی اور کوئٹہ میں 36، مظفر آباد میں 35 جبکہ گلگت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ملک میں جاری گرمی کی اس لہر کے پیشِ نظر محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔




