مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث عام شہریوں کے لیے یہ بنیادی غذائی اشیا پہنچ سے باہرہو گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ مظفرآباد کی جانب سے 4 مارچ 2025 کے لیے جاری کردہ نرخ نامے کے مطابق، برائلر مرغی زندہ کی قیمت 480 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے جو گزشتہ دنوں کے مقابلے میں مزید مہنگی ہو چکی ہے۔
بریڈر مرغی کی قیمت میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں دیکھی گئی اور یہ 380 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ اس کا گوشت 480 روپے فی کلو دستیاب ہے جبکہ دیسی خالص مرغی کی قیمت 1050 روپے فی کلو برقرار ہے اس کے علاوہ گولڈن مرغی 850 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
ادھرانڈوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے مطابق 40 سے 50 گرام وزن والے انڈے 278 روپے فی درجن تک جا پہنچے ہیں جبکہ 51 سے 65 گرام وزن والے انڈے 298 روپے فی درجن میں فروخت ہو رہے ہیں۔
انتظامیہ نے ہدایت دی ہے کہ مقررہ نرخوں پر سختی سے عمل کیا جائے، جبکہ برائلر مرغی کے گوشت کی فروخت پر عائد پابندی برقرار رہے گی۔ شہریوں نے قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔