اسلام آباد میں پیٹرول بحران کی افواہیں، انتظامیہ نے اصل صورتحال بتا دی

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں پیٹرول پمپس پر مبینہ قلت کی خبروں پر ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کے لیے اہم ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر بھر کے پیٹرول پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کا وافر اسٹاک موجود ہے اور سپلائی چین معمول کے مطابق جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بعض پیٹرول پمپس پر عارضی نوعیت کی مشکلات کی اطلاعات موصول ہوئیں جن کی بنیادی وجہ ہیوی ٹرانسپورٹ کی عارضی بندش ہے۔ انتظامیہ نے بتایا کہ متاثرہ پمپس کو پیٹرول ٹینکرز کے ذریعے فوری طور پر دوبارہ سپلائی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ کسی قسم کی قلت پیدا نہ ہو۔ اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں پیٹرول پمپس کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر جدید ڈیش بورڈ کے ذریعے شہر بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی دستیابی اور ترسیل کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی این ایس سی کا جہاز ’’بولان‘‘ 57 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول لے کر کراچی پہنچ گیا

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پیٹرول کی قلت سے متعلق افواہوں پر توجہ نہ دیں اور معمول کے مطابق ایندھن کی خریداری کریں۔ اسلام آباد کی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شہر میں ایندھن کی سپلائی مستحکم ہے اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔

مزید پڑھیں: عوام کے لیے بڑی خوشخبری: ڈیزل کے بعد اب پیٹرول بھی سستا کرنے کی تیاریاں

Scroll to Top