اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطے میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔
پرائم منسٹر آفس کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق وزیر اعظم اور ایرانی صدر میں 45 منٹ تک خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں گفتگو ہوئی ۔
شہباز شریف نے مذاکرات کے پہلے دور کیلیے ایرانی وفد اسلام آباد بھیجنے پر ایران کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور مسعود پزشکیان کو سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے سربراہان سے رابطوں سے آگاہ کیا ۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی رہنماؤں سے رابطے خطے میں پائیدار امن کیلیے نہایت معاون ثابت ہوئے ۔ شہباز شریف نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ تہران میں تعمیری بات چیت پر ایرانی قیادت سے اظہار تشکر کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شہباز شریف کی کوششوں سے خطے میں جنگ رُک گئی،رجب طیب اردوان
بیان کے مطابق شہباز شریف نے مسعود پزشکیان سے کہا کہ پاکستان دوست ممالک کے تعاون سے امن و استحکام کیلئےکوششیں جاری رکھے گا ۔
ٹیلیفونک رابطے میں وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر مسعود پزشکیان نے وزیر اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا امن کی کوششوں میں پاکستان کے مضبوط عزم پر شکریہ ادا کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ترک وزیرِ خارجہ حاقان فیدان کی انطالیہ میں ملاقات
ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان کا امن کیلیے مضبوط عزم قابلِ ستائش ہے، ایران اور پاکستان کے تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مستحکم ہوں گے ۔




