اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیشِ نظر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے باعث ریڈ زون اور اس کے توسیعی علاقے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے جامع متبادل ٹریفک پلان جاری کرتے ہوئے ہیوی ٹریفک کے داخلے پر تاحکمِ ثانی پابندی عائد کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے کو ٹریفک کے لیے بند رکھا جائے گا، جبکہ سری نگر ہائی وے پر بھی مختلف اوقات میں ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ انتظامیہ نے ٹرانسپورٹ مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان ایام میں اسلام آباد کی طرف سفر کرنے سے گریز کریں۔ ٹریفک پلان کے تحت جی 5، جی 6، جی 7، ایف 6 اور ایف 7 کے رہائشی راولپنڈی آنے جانے کے لیے مارگلہ روڈ اور نائنتھ ایونیو کا راستہ استعمال کریں، جبکہ فیصل ایونیو اور زیرو پوائنٹ سے آنے والی ٹریفک کو بھی نائنتھ ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہر قسم کی ٹرانسپورٹ فوری طور پر معطل
ہیوی ٹریفک کے لیے جاری کردہ خصوصی ہدایات کے مطابق پشاور سے لاہور جانے والی گاڑیاں ٹیکسلا سے موٹروے، چکری انٹرچینج اور چک بیلی روڈ کے ذریعے روات جی ٹی روڈ پر جا سکیں گی۔ اسی طرح لاہور سے پشاور جانے والی ٹریفک روات سے چک بیلی روڈ کا راستہ اختیار کرے گی۔ انتظامیہ نے بھارہ کہو کے رہائشیوں کو کورنگ روڈ اور بنی گالہ، جبکہ صدر راولپنڈی سے آنے والوں کو کرنل شیر خان روڈ استعمال کرنے کی تجویز دی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لیے ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پیجز اور ایف ایم 92.4 سے جڑے رہیں۔




