راولپنڈی/اسلام آباد: جڑواں شہروں کی ضلعی انتظامیہ نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ایک بڑا اور ہنگامی فیصلہ کرتے ہوئے راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہر قسم کی ٹرانسپورٹ کو فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق، شہر کی حدود میں ہر قسم کی پرائیویٹ، پبلک اور گڈز (مال بردار) ٹرانسپورٹ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جو تاحکمِ ثانی نافذ العمل رہے گی۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ شہریوں کو کسی بھی نئی پیش رفت یا تبدیلی سے متعلق وقت پر آگاہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ٹاکس کا دوسرا دور، ٹرانسپورٹ اڈے رات 11 بجے سے بند کرنے کا فیصلہ
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ سخت اقدام موجودہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے تاکہ جڑواں شہروں میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا سدِباب کیا جا سکے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی انتظامیہ نے اسی نوعیت کا فیصلہ کرتے ہوئے پبلک اور ہیوی ٹرانسپورٹ کو تاحکمِ ثانی بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے اور سفر کرنے سے گریز کریں۔
حکام نے مزید ہدایت کی ہے کہ شہری کسی بھی قسم کی افواہوں پر کان دھرنے کے بجائے صرف سرکاری اور مستند ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات پر بھروسہ کریں۔ ضلعی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سیکیورٹی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حالات کا بغور جائزہ لینے کے بعد ہی ٹرانسپورٹ کی بحالی سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ان اقدامات کا بنیادی مقصد شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔




