مظفرآباد کے گنجان آباد علاقے لوئر پلیٹ میں گیزر پھٹنے سےزور دار دھماکا، علاقہ لرزا اٹھا

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے گنجان آباد علاقے لوئر پلیٹ میں گیزر پھٹنے سے ہونے والے زور دار دھماکے نے علاقے کو لرزا کر رکھ دیا۔ اس واقعے میں معروف سماجی کارکن خرم شہزاد کے گھر کی بالائی منزل مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

شدید دھماکے کے باوجود معجزانہ طور پر اہل خانہ محفوظ رہے، تاہم دھماکے کی شدت نے قریبی دکانوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

تفصیلات کے مطابق مظفرآباد کے اسی گنجان علاقے لوئر پلیٹ میں گیزر پھٹنے سے خرم شہزاد کے مکان کی چھت اڑ گئی جبکہ دیواروں میں گہری دراڑیں پڑ گئیں۔ گھر کے اندر موجود فرنیچر اور دیگر قیمتی سامان مکمل طور پر تباہ ہو کر ملبے کا ڈھیر بن گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد: پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام ناکام، شہری سڑکوں پر خوار ہونے لگے

حادثے کے وقت خرم شہزاد کے اہل خانہ گھر میں ہی موجود تھے، تاہم خوش قسمتی سے ان کی اہلیہ اور بیٹیاں معجزانہ طور پر محفوظ رہیں۔ اس واقعے نے علاقے کے مکینوں کو شدید خوف میں مبتلا کر دیا۔

دھماکے کی شدت سے قریبی دکانوں اور سڑک کنارے کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جس سے علاقے میں مالی نقصان میں اضافہ ہوا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی معروف تاجر رہنما عبدالرزاق خان دیگر معززین کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی حلقوں نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندان کی فوری بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

مزید پڑھیں: پونے ایئرپورٹ پر جدید طیارہ تباہ ،بھارتی فضائیہ کی حادثہ چھپانے کی کوشش

عوام کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ حکومت متاثرہ سماجی کارکن کے مالی نقصان کا ازالہ کرے، معاوضے کا اعلان کیا جائے اور گھر میں موجود ملبہ ہٹانے کے لیے فوری طور پر مشینری اور عملہ فراہم کیا جائے تاکہ متاثرہ خاندان کی مشکلات کم کی جا سکیں۔

Scroll to Top