دوحہ (کشمیر ڈیجیٹل): سعودی عرب کے کامیاب دورے کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنے اہم سرکاری دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم کی آمد کے موقع پر انتہائی غیر معمولی اور شاندار مناظر دیکھنے کو ملے۔ جیسے ہی وزیراعظم کا طیارہ قطر کی فضائی حدود میں داخل ہوا، قطر کے جنگی جٹ طیاروں نے اسے اپنے حصار میں لے لیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس پرجوش استقبال پر طیارے کی کھڑکی سے قطری پائلٹس کو سلیوٹ پیش کیا۔
وزیراعظم نے طیارے سے ہی مائیک پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے عربی اور انگریزی زبان میں امیر قطر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “قطر کی فضا میں داخل ہوتے ہی ہمیں جو عزت بخشی گئی، اس پر ہم امیر قطر کے بے حد شکر گزار ہیں۔ پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات انتہائی گہرے ہیں جنہیں ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔”
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، مدینہ حاضری کے بعد قطر روانہ
دوحہ ایئرپورٹ پہنچنے پر قطر کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور سلطان بن سعد المریخی نے وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔ قطری مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ دوحہ کی اہم شاہراہوں کو پاکستان اور قطر کے پرچموں سے سجایا گیا ہے۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ون آن ون ملاقات کریں گے، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور عالمی امن کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود ہیں۔ یاد رہے کہ قطر پاکستان کے لیے توانائی کا بڑا فراہم کنندہ ہے اور موجودہ معاشی تناظر میں یہ دورہ تزویراتی طور پر انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔




