مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل): آئی جی پولیس آزاد جموں و کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے ایک ہنگامی نیوز کانفرنس میں سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ راولاکوٹ پولیس نے بروقت کارروائی کر کے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ (RAW) کے لیے کام کرنے والے ایک اہم کارندے کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم کی شناخت عرفان کے نام سے ہوئی ہے، جو حساس مقامات کی ریکی کرنے اور ویڈیوز بنا کر معلومات دشمن کو منتقل کرنے میں ملوث تھا۔
آئی جی لیاقت علی ملک نے بتایا کہ گرفتار ملزم فوجی تنصیبات، اہم سرکاری عمارتوں اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے کی خطرناک منصوبہ بندی میں ملوث تھا۔ ملزم اپنے بھارتی ہینڈلر شاہد کے ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے مسلسل رابطے میں تھا، جو اسے چھوٹے چھوٹے ٹاسک دیتا اور حساس و اہم عمارتوں کے پتے بتا کر ان کی ویڈیوز بنواتا رہا۔ پریس کانفرنس کے دوران ملزم کا اعترافی بیان بھی دکھایا گیا جس میں اس نے اپنا مکمل طریقہ کار اور ہینڈلر کی ہدایات پر حساس معلومات کی فراہمی کا اعتراف کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف دہرا عہدہ کیس، الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ!
آئی جی آزاد کشمیر نے ایک انتہائی تشویشناک پہلو کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مکار دشمن آن لائن جاب کے جھانسے میں معصوم بچوں اور نوجوانوں کو پیسے کی لالچ دے کر ٹریپ کر رہا ہے۔ انہوں نے والدین کو سخت تاکید کی کہ وہ کڑی نظر رکھیں کہ ان کے بچوں کے پاس پیسہ کہاں سے آ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتنی آگاہی تو ہر شہری، اساتذہ اور صحافیوں کو ہونی چاہیے کہ حساس معلومات کسی صورت دشمن کو فراہم نہیں کی جاتیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ تمام طبقات مل کر اس حوالے سے ایک بھرپور آگاہی مہم چلائیں۔ آئی جی نے عزم دہرایا کہ آزاد کشمیر کی سرزمین کا تقدس کسی صورت پامال نہیں ہونے دیا جائے گا اور دشمن کے ایسے تمام مذموم عزائم کو آہنی ہاتھوں سے کچلا جائے گا۔




