وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، مدینہ حاضری کے بعد قطر روانہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا دورہء سعودی عرب مکمل ہو گیا ہے، جس کے بعد وہ قطر روانہ ہو گئے ہیں۔ گزشتہ شب وزیراعظم جدہ سے مدینہ منورہ پہنچے جہاں ہوائی اڈے پر گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز آلسعود نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔ مدینہ منورہ میں وزیراعظم نے روضہ رسولؐ پر حاضری دی اور درود و سلام پیش کیا، جس کے بعد وہ وفد کے ہمراہ قطر کے لیے روانہ ہو گئے۔

اس سے قبل جدہ میں وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان تقریباً 2 گھنٹے طویل ملاقات ہوئی۔ اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے لیے یکجہتی کا اعادہ کیا اور سعودی قیادت کے صبر و تحمل کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی محمد بن سلمان سے2 گھنٹے تفصیلی ملاقات، دو طرفہ تعاون مضبوط بنانے سمیت اہم فیصلے

ملاقات میں دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ سعودی ولی عہد نے امن عمل میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے تعمیری کردار کی تعریف کی، جبکہ وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے سعودی حمایت کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں واضح کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے کی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے سعودی ولی عہد کو اسلام آباد میں ہونے والے امن مذاکرات کی حالیہ پیش رفت اور امریکا و ایران کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔