قائداعظم کرکٹ سٹیڈیم میرپور پی سی بی کی نااہلی کی بھینٹ چڑھ گیا، کھلاڑی مایوس

میرپور( محمد اعظم )قائداعظم کرکٹ سٹیڈیم میرپورپاکستان کرکٹ بورڈ کی عدم توجہی کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا،ٹوٹی کھڑکیاں، ٹوٹی کرسیاں، ہر طرف گندگی کے ڈھیر سے کھلاڑی پریشان ہوگئے۔

کشمیر ڈیجیٹل کی رپورٹ کے مطابق منی لندن میں قائم قائداعظم کرکٹ سٹیڈیم پی سی بی کی نااہلی کا بھینٹ چڑھ گیا ہے،سٹیڈیم میں عرصہ سے نیشنل سطح کا  کوئی میچ نہیں ہوسکا، وی آئی پی لابی میں ٹوٹے ہوئے شیشے پڑے ہیں۔

سولہ ہزار شائقین کی گنجائش والا سٹیڈیم 2007 میں تعمیر کرکے2008 میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے کیا گیا لیکن اب اس سٹیڈیم کی حالت خراب ہوچکی ہے، سٹیڈیم میں گھاس ٹھیک رہا ہے نہ پچز بہتر ہیں۔

شائقین کیلئے لگائی گئی کرسیاں ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہیں جن کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا،سٹیڈیم میں گھاس اور گندگی کے بھی ڈھیرہیں ، کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ جب کسی قسم کی سہولیات نہیں ہیں تو ہم سے میچ کی فیس نہ لی جائے۔

نوجوان کھلاڑی سٹیڈیم کی بری حالت پرکرکٹ سے بددل ہو رہے ہیں، آزادکشمیر کے اہم شہر میں سٹیڈیم کی یہ حالت انتظامیہ اور حکومت کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

شہریوں کاکہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سٹیڈیم کی بحالی کیلئے کردار ادا کرے ورنہ میرپور کے نوجوانوں کا صحت مند سرگرمی کرکٹ سے محروم ہونے کا خدشہ ہے۔حکومت کو نوٹس لے کر سٹیڈیم کی بحالی کیلئے کردار ادا کرناہوگا۔

یاد رہے کہ سٹیڈیم کی ناگفتہ بہ حالت کی وجہ سے گزشتہ سال ہونیوالی کشمیر پریمیئر لیگ کا کوئی بھی میچ قائداعظم سٹیڈیم میرپور میں نہیں ہوسکا تھا، تمام میچز ںڑول سٹیڈیم مظفرآباد میں کرائے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سدھنوتی، بلوچ میں سپورٹس سٹیڈیم کا سنگ بنیاد،ایک کروڑ33لاکھ لاگت آئیگی

 

Scroll to Top