پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین کو آئندہ دنوں میں رفتار میں کمی اور سروس میں جزوی تعطل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس حوالے سے 14 اپریل 2026 سے ایک ہفتے تک صورتحال متاثر رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے اپنے صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ ایک بین الاقوامی سب میرین کیبل کنسورشیم زیرِ سمندر کمیونیکیشن لائن کی مرمت کا کام شروع کر رہا ہے۔ یہ مرمتی عمل عالمی سطح پر نیٹ ورک کی بہتری کے لیے کیا جاتا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ مرمتی سرگرمیاں 14 اپریل 2026 سے شروع ہو کر 20 اپریل 2026 تک جاری رہیں گی۔ اس دوران ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار کم ہونے اور وقفے وقفے سے سروس متاثر ہونے کا امکان ہے۔ خاص طور پر شام کے اوقات میں جب انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے، اس دوران رفتار میں واضح کمی محسوس کی جا سکتی ہے۔ ویڈیو اسٹریمنگ اور آن لائن کلاسز اور کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان کانی گرم میں سونے کی دریافت
پی ٹی سی ایل نے کہا ہے کہ وہ کوشش کرے گا کہ صارفین کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو، تاہم عالمی سب میرین کیبل پر مرمت کے باعث مکمل استحکام برقرار رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ سب میرین کیبل میں پیش آنے والی خرابی کو دور کرنے کے لیے بین الاقوامی کیبل کنسورشیم کی معاونت حاصل کی جا رہی ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ سروس کو جلد از جلد مکمل طور پر بحال کیا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق سب میرین کیبلز عالمی انٹرنیٹ نظام کا ایک اہم حصہ ہیں اور ان کی مرمت کے دوران عارضی طور پر سروس متاثر ہونا ایک معمول کی بات ہے۔




