جنوبی وزیرستان کانی گرم میں سونے کی دریافت

جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل کانی گرم میں واقع ’تریخ کونڑ نالے‘ میں سونے کے ذرات کی موجودگی کی خبر پھیل گئی ہے۔ اس خبر کے پھیلنے کے بعد مقامی آبادی کی بڑی تعداد سونا نکالنے کے لیے نالے پر پہنچ گئی ہے۔ اس ’گولڈ رش‘ نے جہاں علاقے میں ہیجان پیدا کر دیا ہے، وہیں سونے کی صفائی کے لیے پارے (مرکری) کے خطرناک استعمال نے سنگین ماحولیاتی بحران کو جنم دیا ہے۔ مقامی عمائدین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نالے سے ریت جمع کر کے اس میں سے سونے کے ذرات الگ کرنے کے لیے پارے کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔

اس عمل کے نتیجے میں کانی گرم کے نالے کا سارا پانی آلودہ ہو چکا ہے۔ یہ پانی نہ صرف پینے کے لیے غیر محفوظ ہے بلکہ آبی حیات اور مویشیوں کے لیے بھی جان لیوا ثابت ہو رہا ہے۔ ماہرینِ صحت کے مطابق پارے کی آمیزش والا پانی انسانی اعصابی نظام کو مفلوج کرنے اور گردوں کی بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔ صورتحال کی سنگینی کا اندازہ لگاتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان اپر، عصمت اللہ نے فوری نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ تریخ کونڑ نالے میں ہونے والی ان غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جائے اور پارے کے استعمال سے پھیلنے والی آلودگی کا سدِباب کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ سونا 1600 روپے سستا ہو گیا

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معدنیات کی تلاش کا ایک باقاعدہ قانونی طریقہ کار ہے اور کسی کو بھی عوامی صحت اور ماحول کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان کا علاقہ قدرتی معدنیات سے مالا مال ہے، تاہم یہاں اکثر و بیشتر مقامی سطح پر غیر سائنسی طریقوں سے معدنیات نکالنے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔ ‘آرٹیسنل گولڈ مائننگ’ میں پارے کا استعمال عالمی سطح پر ممنوع قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ یہ ایک طاقتور اعصابی زہر ہے۔ جب پارے کو سونے کے ساتھ ملایا جاتا ہے تو یہ ایک مغلوب بنا دیتا ہے، جسے بعد میں جلا کر سونا الگ کیا جاتا ہے۔ اس عمل سے پیدا ہونے والے بخارات اور نالوں میں بہایا جانے والا فضلہ صدیوں تک ماحول کو زہریلا رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ کانی گرم جیسے دشوار گزار علاقے میں اس طرح کی سرگرمیوں کا پھیلنا وہاں کے ماحولیاتی توازن کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر شیئر کردہ اپنی اے آئی جنریٹڈ تصویر ڈیلیٹ کردی

Scroll to Top