حج سیزن 2026 کی تیاریوں کے حوالے سے وزارت داخلہ نے پیر 13 اپریل 2026 سے مکہ پرمٹ پر عملدر آمد کا آغاز کر دیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ میں داخلے کے لیے لازمی پرمٹ کے اجرا کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایکسپائر عمرہ ویزا ہولڈرز کے لیے بڑی خوشخبری، سعودی حکومت کا اہم اعلان
وزارت نے ان افراد کو ہدایت کی، جن کے اقامہ مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ ہیں اور وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے لیے مکہ یا مشاعرہ مقدسہ میں جاتے ہیں۔
انہیں چاہیے کہ وہ رواں حج سیزن کے لیے مکہ پرمٹ کے اجرا کے لیے ’ابشر‘ یا ’مقیم ‘ پلیٹ فارم پر درخواست جمع کرائیں، جس کا جائزہ لینے کے بعد ڈیجیٹل پرمٹ جاری کر دیا جائے گا۔
وزارت نے پرمٹ کے لیے یونیفائیڈ پورٹل ’منصبہ تصریح‘ بھی لانچ کیا ہے، جس کے ذریعے مکہ و مشاعر مقدسہ پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔
وزارت کا کہنا تھا کہ حج ویزہ ہولڈر کے علاوہ کسی کو بھی 18 اپریل 2026 سے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے یا وہاں قیام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:تیل کی قیمتوں میں اضافہ: پاکستانی عازمین کے لیے حج کرایوں سے متعلق بڑی خبر آگئی
حج ویزا ہولڈر کے علاوہ دیگر وزٹ یا دیگر قسم کی عارضی ویزا رکھنے والے کا اس مدت کے بعد مکہ مکرمہ میں قیام غیر قانونی تصور ہو گا۔
عمرہ ویزا ہولڈرز کے لیے وزارت کی جانب سے سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 18 اپریل 2026 تک اپنے ملکوں کو روانہ ہو جائیں۔




