مظفر آباد : پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی رہنماء سابق اپوزیشن لیڈر ومبر قانون ساز اسمبلی خواجہ فاروق احمد اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید اظہر علی گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر آئندہ انتخابات میں بھر پور طریقے سے حصہ لے گی اور اس حوالے سے پارٹی کی رجسٹریشن کے لیے تمام ضروری کو ایک الیکشن کمیشن کو فراہم کر دیے گئے ہیں۔
اگر اس کے باوجود پی ٹی آئی کو انتخابات سے باہر رکھنے کی کوئی کوشش کی بھی تو پارٹی اپنے قائد عمران خان کے نام پر مرکز کی طرح آزاد کشمیر میں بھی ایکشن میں بھر پور حصہ لے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی آزادکشمیر کا پارلیمانی بورڈ میں اختلافات؟نظریاتی ممبر الزامات لگا کر مستعفی ہو گیا
عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ فاروق نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک بڑی عوامی جماعت ہے اور آزاد کشمیر کے عوام کی بھر پور نمائندگی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کے لیے پارلیمانی بورڈ قائم کر دیا گیا ہے جو میرٹ اور کارکنوں کی قربانیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹکٹوں کا فیصلہ کرے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنے والے وفادار اور نظریاتی کارکنوں کو ترجیحی بنیادوں پر ٹکٹ دیئے جائیں گے۔
خواجہ فاروق نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر ایک معتبر اور باوقار شخصیت میں اور انہیں امید ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے حوالے سے آئین اور قانون کے مطابق بہتر فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو رجسٹرنہ کیا گیا تو ایسا اقدام عوام قبول نہیں کریں گے ، حکومت پاکستان اور ریاستی اداروں سے مطالبہ ہے کہ آزادکشمیر میں صاف، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کویقینی بنایا جائے تا کہ عوام کو اپنی حقیقی قیادت منتخب کرنے کا موقع مل سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی آزادکشمیر کا پارلیمانی بورڈ قائم ہونے پر اختلافات ،راجہ منصور کا کھڑاک
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے اور ہر صورت انتخابات میں بھر پور حصہ لے کر عوامی طاقت سے کامیابی حاصل کرے گی۔
خواجہ فاروق نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام باشعور ہیں اور وہ کسی بھی قسم کے دباؤ یا سازش کو مسترد کرتے ہوئے اپنے ووٹ کے ذریعے حقیقی نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔




