ایران کا اعلیٰ سطحی وفد اسلام آباد پہنچ گیا، شاندار استقبال

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)اسلامی جمہوریہ ایران کا ایک اعلیٰ سطحی وفد اسلام آباد مذاکرات میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں وفد اسلام آباد پہنچا، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی وفد میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد مذاکرات: امید ہے ایران کیساتھ مذاکرات مثبت ہونگے، ڈی جے وینس

ایرانی وفد کا استقبال نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیف آف ڈیفنس فورسز،آرمی چیف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے کیا۔

اعلامیے کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ تمام فریقین مذاکرات میں تعمیری انداز اپنائیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان تنازع کے دیرپا اور پائیدار حل کے لیے فریقین کے درمیان سہولت کاری کا کردار جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے یہ امریکا اور ایران کے مذاکرات خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششوں کا حصہ ہیں، جہاں پاکستان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ٹاکس سے قبل ہماری دو شرائط پرعملدرآمد باقی ہے،محمد باقر قالیباف

یاد رہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے امن مذاکرات کیلئے شرکت کیلئے امریکی وفد نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں امریکہ سے روانہ ہوچکا ہے جس کے بعد تمام نظریں اسلام آباد پر لگی ہوئی ہیں کہ آیا مذاکرات کاکیا نتیجہ نکلے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مذاکرات کے حوالے سے 24گھنٹے میں اہم قرار دیئے ہیں جبکہ نائب صدر جے ڈی وینس کا روانگی کے موقع پر کہنا تھا کہ ہم مثبت مذاکرات کیلئے پرامید ہیں دوسری طرف ایران کے سپیکر باقر قالیباف نے لبنان میں جنگ بندی نہ ہونے پرخدشات کا اظہار کیا ہے۔

Scroll to Top