حکومت نے پینشن ملازمین کے لیے ایک بڑی خوشخبری سناتے ہوئے نئے پینشن فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) نے خاص طور پر بلوچستان اور پنجاب کے صوبوں کے لیے مزید پینشن فنڈز جاری کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے وقت بہتر مالی فوائد حاصل ہوں گے۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، بلوچستان حکومت کے لیے مزید 8 پینشن فنڈز کی منظوری دی گئی ہے۔ اس اضافے کے بعد صوبہ بلوچستان میں کل منظور شدہ فنڈز کی مجموعی تعداد اب 15 تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح، پنجاب حکومت کے لیے بھی ایک اضافی پینشن فنڈ کی منظوری دی گئی ہے، جس کے بعد پنجاب میں پینشن فنڈز کی کل تعداد 25 ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں توانائی بچت پلان نافذ، بازار اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کا حکم
ایس ای سی پی (SECP) کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں کنٹری بیوشن پینشن نظام کا عملی نفاذ شروع ہو چکا ہے اور دیگر سرکاری اداروں میں بھی اس جدید نظام کو بتدریج نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد حکومت کے طویل المدتی پینشن واجبات کے بوجھ میں کمی لانا ہے، جبکہ اس سے ملازمین کا مستقبل بھی مالی طور پر زیادہ محفوظ ہو جائے گا۔
ایس ای سی پی کا مزید کہنا ہے کہ ان نئے پینشن فنڈز کا انتظام پیشہ ورانہ بنیادوں پر نجی ایسٹ مینجمنٹ کمپنیاں سنبھالیں گی۔ اس سے نہ صرف پینشن کے نظام میں شفافیت آئے گی بلکہ کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری متوقع ہے۔




