قومی ایئر لائن پی آئی اے نے عالمی منڈی میں جیٹ فیول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد چین، ملائیشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے کئی ممالک کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایک بیان میں پی آئی اے انتظامیہ نے بتایا کہ حالیہ ہفتوں میں جیٹ فیول کی قیمتیں 85 سے 90 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 150 سے 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یو اے ای کیلئے پی آئی اے کو روزانہ 2 پروازوں کی اجازت مل گئی
بیان میں بتایا گیا کہ ’ایوی ایشن کی صنعت میں ایندھن کے اخراجات مجموعی آپریٹنگ اخراجات کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ایئر لائن کے لیے موجودہ حالات میں آپریشنز جاری رکھنا مالی طور پر ناممکن ہو گیا ہے۔
ایندھن کی قیمتوں میں اس اچانک اضافے کی بڑی وجہ 28 فروری کو ایران اور امریکہ و اسرائیل کے درمیان چھڑنے والی جنگ بتائی جا رہی ہے۔
اس تنازع نے عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل اور کارگو سپلائی کو بری طرح متاثر کیا ہے، خاص طور پر آبنائے ہرمز سے ہونے والی سپلائی میں تعطل نے عالمی منڈیوں میں ہلچل مچا دی ہے۔
پی آئی اے کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے علاوہ خلیجی ممالک کے لیے پروازیں اپریل کے آخر تک معطل رہیں گی۔
اسی طرح بیجنگ کے لیے پروازیں 11 اپریل اور کوالالمپور کے لیے 14 اپریل سے بند کر دی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: حج 2026: عازمینِ حج کی پہلی پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی، وفاقی وزیرکا اہم اعلان
پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جیٹ فیول کی قیمتوں میں چوتھے بڑے اضافے کے تناظر میں یہ سخت فیصلہ کرنا پڑا۔
ہم ایندھن کی قیمتوں کا سارا بوجھ مسافروں پر نہیں ڈال سکتے تھے، اس لیے انتظامی طور پر کچھ روٹس کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے جیٹ فیول کی اوسط قیمت 195 ڈالر فی بیرل رہی جو گزشتہ سال کی نسبت دوگنا سے بھی زیادہ ہے۔
پاکستان میں بھی جیٹ فیول کی قیمت میں 40 روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد مقامی سطح پر ایندھن کی قیمت 517.17 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی لندن کے لیے پروازیں 6 سال بعد بحال، مسافروں کو لے کر پہلا طیارہ روانہ
پروازوں کی معطلی کے ساتھ ساتھ پی آئی اے نے طلبہ، بینک ملازمین، بزرگ شہریوں، صحافیوں اور ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں کو ملنے والی تمام رعایتیں بھی ختم کر دی ہیں۔ اب صرف بچوں اور نوزائیدہ بچوں کو ہی ٹکٹوں میں رعایت مل سکے گی۔
واضح رہے کہ دو ارب 80 کروڑ ڈالر کے مجموعی خسارے کے بعد گزشتہ برس دسمبر میں پی آئی اے کی نجکاری کر دی گئی تھی۔




