لاہور:آزادکشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ریاست میں سیاسی سرگرمیوں کی بحالی اور عوام کا جمہوری و سیاسی نظام پر اعتماد موجودہ حکومت کی اہم کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کی جانے والی ترقیاتی سرگرمیوں کے باعث آزادکشمیر میں عوام کے اندر پائی جانے والی بے چینی میں واضح کمی آئی ہے اور ریاست میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھیڈی روڈ کھلوانےکیلئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور اقدامات کریں،عوام
لاہور میں ملک کے نامور صحافیوں اور اینکر پرسنز مجیب الرحمن شامی، کامران شاہد، حبیب اکرم، حفیظ اللہ خان نیازی اور دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مختصر مدت میں عوامی مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران آزادکشمیر کے مختلف علاقوں میں سینکڑوں ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں جن کا مقصد بنیادی سہولیات کی فراہمی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوام کے معیارِ زندگی کو بلند کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عوامی خدمت اور میرٹ پر مبنی حکمرانی ہماری حکومت کا بنیادی نصب العین ہے۔
ریاست کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ ہر شہری کو ترقی کے یکساں مواقع میسر آ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے جو ہمیشہ عوام کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے جدوجہد کرتی رہی ہے۔ پیپلز پارٹی عوام کی نبض شناس جماعت ہے اور یہی وجہ ہے کہ عوام آج بھی اس پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے باعث لوگوں کا اعتماد مزید مضبوط ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئندہ بھی حکومت بناکر حویلی سمیت ریاست بھر کے مسائل حل کرینگے:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور
اس موقع پر وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت آزادکشمیر میں سیاسی استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور عوامی توقعات پر پورا اترنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست کے تمام علاقوں میں بلاامتیاز ترقیاتی کاموں کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ آزادکشمیر کو ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست بنایا جا سکے۔




