آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ، سیلابی ریلوں اور حادثات میں پانچ افراد جاں بحق

اسلام آباد: آزاد کشمیر سمیت پاکستان بھر میں بھی طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اولے پڑے اور بارش سے موسم سرد ہو گیا۔ اس کے علاوہ لاہور، راولپنڈی، مری، سرگودھا، گجرات، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

میانوالی میں کنڈل چھرا والا کے مقام پر دریائے کرم میں طغیانی آنے سے سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے اور پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔ دوسری جانب ناران، سوات، بابو سرٹاپ اور نانگا پربت پر وقفے وقفے سے برف باری ہو رہی ہے۔ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی شدید بارش ہوئی ہے۔ پارا چنار میں دریائے کرم پر پل سے ملحق سڑک پانی میں بہہ گئی ہے جبکہ مکان کی چھت گرنے اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

خیبر میں پاک افغان شاہراہ پر ایک گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ ادھر بلوچستان کے شمالی اضلاع میں بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری نے موسم مزید سرد کر دیا ہے، جبکہ مختلف حادثات میں پانچ افراد جاں بحق بھی ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں 6 سے 9 اپریل تک بارشوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات نے کشمیر سمیت ملک بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث موسم میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک مضبوط مغربی ہواؤں کا سلسلہ 5 اپریل کی شام بلوچستان کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا اور 9 اپریل 2026 تک ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز رہے گا۔

آزاد کشمیر کے علاقوں باغ، راولاکوٹ اور وادی نیلم میں اس دوران بارش کے ساتھ برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں بشمول استور، اسکردو، گلگت، ہنزہ، نگر اور غذر میں بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے متعدد اضلاع بھی اس موسمی نظام کے زیرِ اثر رہیں گے۔ پنجگور، گوادر، پسنی، تربت، خضدار، قلات، کوئٹہ اور ژوب میں 5 سے 7 اپریل کے دوران بارشیں متوقع ہیں۔ اس کے علاوہ بارکھان، لسبیلہ، کوہلو اور نصیر آباد میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 6 سے 9 اپریل کے دوران بارشیں برسنے کا امکان ہے۔ اس دوران راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور شیخوپورہ سمیت کئی اضلاع متاثر ہوں گے۔ دوسری جانب سندھ کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد اور شکارپور میں 6 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: حویلی: طوفانی بارشیں، درجنوں گھر دریا کی زد میں آگئے،ڈپٹی کمشنر خاموش تماشائی

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورت حال سے محفوظ رہا جا سکے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے اس تناظر میں بالائی علاقوں کے مکینوں اور سیاحوں کو بھی الرٹ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Scroll to Top