بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم اور دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے پسماندہ طبقے کی مالی مدد اور سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مستحکم کرنے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی رقم میں نمایاں اضافے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق، جنوری 2027 سے پروگرام کے تحت مستفید ہونے والے ہر خاندان کو ملنے والی رقم 14,500 روپے سے بڑھا کر 19,500 روپے کر دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق، مالی سال 2026 کے اختتام تک مزید 2 لاکھ خاندانوں کو اس پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا، جس سے مجموعی طور پر مستفید ہونے والے گھرانوں کی تعداد 1 کروڑ 2 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ حکومت نے آئی ایم ایف (IMF) کو تحریری طور پر یقین دہانی کرائی ہے کہ اس پروگرام کے تحت مستفید ہونے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ کیا جاتا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں:‘زمینی کارروائی کی تو ایک بھی دشمن فوجی زندہ نہیں بچے گا’، ایرانی آرمی چیف کی امریکا کو سخت وارننگ

دوسری جانب، وزارتِ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے پیٹرولیم مصنوعات پر عام سبسڈی نہ دینے کا مطالبہ کیا تھا، جس پر حکومت نے اپنی مالی پوزیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بجٹ سے پسماندہ طبقے کے لیے ‘ٹارگٹڈ سبسڈی’ فراہم کریں۔ ذرائع نے واضح کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اب عالمی مارکیٹ کے مطابق ہوں گی۔ رپورٹ میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ گزشتہ ماہ تقریباً ساڑھے 3 ارب روپے کی اضافی لیوی اکٹھی کی گئی، جبکہ ملک بھر میں پیٹرول کی کھپت میں 24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اندراج کیسے کرائیں؟ آسان طریقہ جانیں

کسانوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے حکومت نے ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے جس کے تحت آئندہ مالی سال میں کھاد پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) نافذ نہیں کی جائے گی۔ یہ تمام اقدامات آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے معاہدوں اور ملک کے غریب طبقے کو معاشی دباؤ سے نکالنے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں۔